نئی دہلی، 26 مارچ (یو این آئی) آل انڈیا ریڈیو پر اپنے ماہانہ پروگرام من کی بات کے 99 ویں ایڈیشن میں اتوار کو قوم سے خطاب کرتے ہوئے مسٹرمودی نے کہا کہ خواتین ہر میدان میں اپنا پرچم لہرا رہی ہیں اور اپنا الگ مقام پیدا کررہی ہیں۔
ایسی تمام خواتین، بیٹیاں ہندوستان اور ہندوستان کے خوابوں کو توانائی دے رہی ہیں۔ ناری شکتی کی یہ توانائی ہی ترقی یافتہ ہندوستان کی اصل طاقت ہے۔
انہوں نے کہا، “یہ نوراتر کا وقت ہے، شکتی کی پوجا کرنے کا وقت ہے۔ آج ہندوستان کی جوصلاحیت نئے سرے سے نکھرکر سامنے آرہی ہے، اس میں ہماری خواتین کی طاقت کا بہت بڑا کردار ہے۔ حال ہی میں ایسی بے شمار مثالیں ہمارے سامنے آئی ہیں۔ آپ نے ایشیا کی پہلی خاتون لوکو پائلٹ سریکھا یادو جی کو سوشل میڈیا پرضرور دیکھا ہوگا۔ ایک اور ریکارڈ بناتے ہوئے سریکھا جی وندے بھارت ایکسپریس کی پہلی خاتون لوکو پائلٹ بھی بن گئی ہیں۔
آسکر جیتنے والے گنیت مونگا اور کارتیکی گونسالویس کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی دستاویزی فلم ایلیفینٹ وسپرز نے آسکر جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے لئے ایک اور حصولیابی بھابھا آنوک ریسرچ سنٹر کی سائنسدان جیوترمئی موہنتی نے بھی حاصل کی ہے۔ محترمہ جیوترمئی کوکیمسٹری اور کیمیکل انجینئرنگ کے شعبے میں آئی یو پی اے سی کا خصوصی ایوارڈ ملا ہے۔ اس سال کے شروع میں ہی ہندوستان کی انڈر 19 خواتین کی کرکٹ ٹیم نے ٹی20 ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سیاست میں ناگالینڈ میں ایک نئی شروعات ہوئی ہے۔ ناگالینڈ میں 75 سال میں پہلی بار دو خواتین ایم ایل اے جیت کراسمبلی میں پہنچی ہیں۔ ان میں سے ایک کو ناگالینڈ حکومت میں وزیر بھی بنایا گیا ہے۔ ریاست کے لوگوں کو پہلی بار ایک خاتون وزیر بھی ملی ہیں۔ ترکی کے زلزلہ زدہ علاقوں میں امداد کے لیے جانے والی نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی خواتین ارکان کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پوری دنیا میں ان کی ہمت اور مہارت کو سراہا جا رہا ہے۔ ہندوستان نے اقوام متحدہ مشن کے تحت امن فوج میں خواتین پلٹن کوبھی تعینات کیا ہے۔
مسٹرمودی نے کہا کہ خواتین ملک کی تینوں فوجوں میں بھی بہادری کا پرچم بلند کر رہی ہیں۔ گروپ کیپٹن شالیجا دھامی کامبیٹ یونٹ میں کمانڈ اپوائنٹمنٹ حاصل کرنے والی پہلی خاتون ایئر فورس آفیسر بن گئی ہیں۔ اس کے پاس تقریباً 3 ہزار گھنٹے کی پرواز کا تجربہ ہے۔ اسی طرح ہندوستانی فوج کی جانباز کیپٹن شیوا چوہان سیاچن میں تعینات ہونے والی پہلی خاتون افسر بنی ہیں۔ شیوا سیاچن میں تین ماہ کے لیے تعینات رہیں گی جہاں درجہ حرارت منفی 60 ڈگری سیلسیس تک گر جاتا ہے۔