پٹنہ، 29 مارچ، (اے بی این) گورنر راجندر وشوناتھ آرلیکر اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج عظیم سمراٹ اشوک کے یوم پیدائش کے موقع پر سمراٹ اشوک کنونشن سینٹر کے احاطہ میں نصب سمراٹ اشوک کے علامتی مجسمے پر گلپوشی کر کے خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر بہار قانون ساز کونسل کے چیئرمین دیوش چندر ٹھاکر، مالیات، کمرشیل ٹیکس اور پارلیمانی امور کے وزیر وجے کمار چودھری، محصولات اور اصلاحات اراضی کے وزیر آلوک کمار مہتا، دیہی ترقیات کے وزیر شرون کمار، وزیر تعلیم چندر شیکھر، وزیر ٹرانسپورٹ محترمہ شیلا کماری، وزیر قانون شمیم احمد، اقلیتی فلاح کے وزیر محمد زماں خان، رکن قانون سازکونسل جناب سنجے کمار سنگھ عرف گاندھی جی، رکن قانون سازکونسل خالد انور، بہار اسٹیٹ سٹیزن کونسل کے سابق جنرل سکریٹری اروند کمار سنگھ، ریاستی فوڈ کمیشن کے سابق رکن مسٹر نند کشور کشواہا، بہار چائلڈ رائٹس پروٹیکشن کمیشن کے سابق رکن مسٹر شیو شنکر نشاد سمیت کئی معززین نے بھی سمراٹ اشوک کے مجسمے پر گلپوشی کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے فنکاروں کی جانب سے آرتی پوجا، بھجن کیرتن، بہار گیت اور حب الوطنی کے گیت کے پروگرام پیش کئے گئے۔پروگرام کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ سال ہی ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ عظیم حکمراں سمراٹ اشوک کے یوم پیدائش چیت کے مہینے میں اشٹمی کے دن سرکاری تقریب کے طور پر منایا جائے گا۔ اس سے قبل بھی ہم یہاں مجسمے پر گلپوشی کرنے آیا کرتے تھے۔ ان کا علامتی مجسمہ یہاں نصب کیا گیا ہے۔ اس کے دو تاثرات ہیں، ایک سمراٹ کا اور دوسرا بدھ عقیدت کا۔ اس احاطہ کا نام سمراٹ اشوک کے نام پر’سمراٹ اشوک کنونشن سینٹر ‘رکھا گیا ۔ یہاں گیان بھون اور باپو آڈیٹوریم بھی تعمیر کیا گیا ہے۔
مسٹر راہل گاندھی کی پارلیمنٹ کی رکنیت ختم کرنے کے سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم عدالت کے فیصلے پر کبھی نہیں بولتے ہیں۔ جب کسی پر مقدمہ بھی ہوتا ہے تو ہم تبصرہ نہیں کرتے ہیں۔ہم پربھی لوگ کمنٹ کرتے ہیں تو بھی ہم کچھ نہیں بولتے ہیں۔ عدالت کے فیصلے پراونچی عدالت میں بھی جانے کا حق ہے۔ ہم یہاں گزشتہ 17 سالوں سے حکومت میں ہیں، کوئی بھی جانچ چلتی ہے تو اس میں ہم مداخلت نہیں کرتے ہیں، لیکن میں ان تمام باتوں پرہمارا کوئی رد عمل نہیں ہو تا۔ اپوزیشن کا زیادہ سے زیادہ لوگوں کا اتحاد میری خواہش ہے۔ اس کا ہم انتظار کر رہے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ لوگ ایک ساتھ آئیںاور سال 2024 کا لوک سبھا الیکشن پوری قوت سے لڑیں۔ اس سلسلے میں ہم نے دہلی جا کر لوگوں سے ملاقات کی ہے۔ کئی علاقائی جماعتیں بھی متحد ہونا چاہتی ہیں۔ ہم سب کی رضامندی کے منتظر ہیں۔
مرکزی حکومت سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم سابقہ مرکزی حکومت کی تعریف کرتے ہیں اور وہ ہیں کہ صرف اپنے کام کی تعریف کرتے ہیں۔ ہم محترم اٹل جی کے کاموں کی بہت تعریف کرتے ہیں۔ انہوں نے کبھی کسی سے جھگڑا نہیں کیا۔ وہ ہندومسلم سب کے حق میں رہے۔ یہ لوگ کیا کر رہے ہیں، اب یہ لوگ جانیں۔ کوئی کام نہیں کر رہے، صرف اپنی تشہیر میں مصروف ہیں۔ جب ہم ان کو چھوڑ کر ادھرآگئے تو پھر سے کیس مقدمہ کا دور شروع ہوگیاہے۔ ہم لوگ ترقیات کے لیے کام کرتے ہیں، عوامی مفاد میں کام کرتے ہیں۔ بہار میں ہم لوگ جتنے اچھے کام کرتے ہیں اس کی کہیں خبر نہیں رہتی ہے۔ جوہمارے خلاف بولتا ہے اس کی خبریں خوب شائع ہوتی ہیں۔ آج عظیم حکمراں اشوک سمراٹ کے یوم پیدائش کے موقع پر ایک پروگرام کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
بہار بی جے پی کے نئے ریاستی صدر شری سمراٹ چودھری کے بیان سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم اس پر کوئی توجہ نہیں دیتے۔
نائب وزیر اعلی تیجسوی پرساد کو والد بننے پر مبارکباد دینے کے سوال پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ والد بننے کے فوراً بعد ہم نے انہیں مبارکباد دی۔ بہار میں بی جے پی چھوٹی پارٹیوں کو اپنے ساتھ لانے کی کوشش کر رہی ہے،اس تعلق سے سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے مسٹر اپیندر کشواہا کو راجیہ سبھا بھیجا تھا، اس مرتبہ پھر آئے تو کہا کہ ساتھ رہیں گے، لیکن پھر وہ کہیں چلے گئے، ان کی مرضی ۔ بی جے پی کے نئے ریاستی صدر پہلے آر جے ڈی میں تھے،اس کے بعد جے ڈی یو میںتھے اور اب بی جے پی کے ریاستی صدر ہو گئے ہیں۔ان لوگوں کے بارے میں جاکر لوگوں سے پوچھئے۔ بہار میں ترقیاتی کام مستقبل میں بھی ہو تا رہے گا، آپ لوگ مطمئن رہیں ۔آگے عوام مالک ہیں۔