نالندہ : (اے بی این ) نالندہ اور سہسرام میں رام نومی جلوس کے دوران جمعہ کے روز تشدد کے بعد فساد برپا ہوگیا ضلع مجسٹریٹ اور ایس پی کی لاپروائی نے نہ صرف حالات کو سنگین بنایابلکہ پورے سسٹم کو فیل کردیا، اس کے بعد حالات لگاتار بدتر ہوتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ ہفتہ کے روز دفعہ 144 کے درمیان نالندہ کے بہار شریف میں ایک بار پھر دو فرقہ کے لوگ آپس میں متصادم ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں فریقین کی جانب سے تقریباً تین درجن راؤنڈ گولیاں چلیں۔ اس دوران دونوں فریقین کے ایک ایک شخص کو گولی لگی اور ایک شخص کی موت واقع ہو گئی۔ مہلوک کا نام گلشن بتایا جا رہا ہے جس کی عمر 17 سال تھی۔معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے بہار شریف میں کثیر تعداد میں پولیس فورس کی تعیناتی کی گئی ہے۔ سہسرام میں کشیدگی والا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ وہاں پولیس، ایس ٹی ایف کے ساتھ ساتھ پیرا ملٹری فورس نے فلیگ مارچ نکالا۔ میڈیا میں آ رہی خبروں سے پتہ چل رہا ہے کہ سہسرام اور نالندہ کے واقعہ کے بعد بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ حکومت الرٹ موڈ میں ہے، کسی بھی حال میں حالات کو بگڑنے نہیں دیا جائے گا۔
شہر میں ہوئے تصادم کے بعد سنیچر کو دن بھر پورے شہر میں سناٹا جیسا ماحول رہا ۔ حالات قابو میں تھے۔ پولس انتظامیہ گشت لگاتی رہی ہے لیکن شام ہوتے ہی پھر متعدد مقامات پر دو فرقوں میں تصادم شروع ہوگیا اور گولیوں کی آواز سے پورا علاقہ دہل اٹھا۔ ضلع مجسٹریٹ ششناک شوبھنکر و ایس پی اشوک مشر نے کہا کہ حالات قابو میں ہے پھر بھی احتیاط کے طور پر شہر میں کرفیو لگا دی گئی ہے ۔
بہار شریف کے پہاڑ پور ‘ بنولیا ‘ علی نگر ‘ بسار بگہا ‘ خاص گنج ‘ کوناسرائے و ریلوے اسٹیشن کے پاس دیگر محلوں میں گولی باری و پتھر بازی میں ہوئی ۔ سنیچر کی شام پہاڑ پور محلہ میں دو فرقوں کے لوگوں میں زبردست تصادم ہونے کا معاملہ روشنی میں آیا۔ آتشزدگی کے ساتھ فائرنگ ہوئی دجس میں دو لوگ زخمی ہوئے۔
دیر شام خاص گنج علاقے میں پتھر بازی و گولی باری ہوئی ۔ اطلاع پاکر پولس پہنچی پتھر بازوں نے پولس پر حملہ کردیا ۔ کچھ لوگ زخمی ہوئے ۔ نالندہ کے ضلع مجسٹریٹ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں سے نہیں نکلیں ۔ سبھی اپنے گھر کے اندر ہی رہیں ۔ ڈی ایم ایس پی اور دیگر افسران شہر میں گشت کررہے ہیں ۔
واضح رہے کہ نالندہ اور سہسرام میں رام نومی کے اختتامی جلوس کے دوران جمعہ کے روز تشدد ہوا تھا۔ اس تشدد میں تقریباً 5 کروڑ روپے کا مالی نقصان ہوا ہے۔ تشدد کے بعد نالندہ میں 27 اور سہسرام میں 18 لوگوں کی گرفترای عمل میں آئی۔ سہسرام میں انٹرنیٹ بھی بند کر دیا گیا تاکہ کسی طرح کی افواہ نہ پھیلے۔ خراب حالات کو دیکھتے ہوئے وزیر داخلہ امت شاہ کا دورہ بھی رد کر دیا گیا ہے جو کہ 2 اپریل کو ہونا تھا۔
