امارت شرعیہ فساد متاثرین کو انصاف دلانے کے لیے پر عزم

پٹنہ :  امیر شریعت بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کی ہدایت پر نائب امیر شریعت بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی کی قیادت میں امارت شرعیہ کا ایک اعلیٰ سطحی وفد فساد زدہ بہار شریف پہونچا، اس وفد میں امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی، رکن ارباب حل و عقد اور صغریٰ وقف اسٹیٹ کے سابق متولی ایس ایم شرف ، دار القضاء امارت شرعیہ بہار شریف کے قاضی شریعت مولانا منصور عالم قاسمی شریک اور مولانا محمد عادل فریدی شریک تھے ۔مذکورہ وفد نے شر پسندوں کے ہاتھوں پوری طرح تباہ شدہ مدرسہ عزیزیہ کی قدیم لائبریری کا معاینہ کیا، اس کے علاوہ شاہی مسجد مرار پورکے احاطہ میں جلی ہوئی دکانوں اور گاڑیوں کو بھی دیکھا، سٹی ہوٹل ، صغریٰ کالج اور کئی دکانوں کا معاینہ کیا جنہیں شر پسندوں نے نذر آتش کر دیا تھا۔ وفد نے مقامی لوگوں سے مل کر واقعہ کی تفصیلات معلوم کی اور انہیں انصاف دلانے کی یقین دہانی کرائی۔شاہی مسجد مرار پور کے امام و خطیب مولانا محمد شہاب الدین ،نائب امام و موذن مولانا نوشاد عالم، مدرسہ عزیزیہ کے پرنسپل مولانا شاکر قاسمی صاحب نے ارکان وفد کو واقعہ کی پوری تفصیل بتائی اور جہاں جہاں شر پسندوں نے آگ لگائی تھی ان جگہوں کو دکھایا ۔ انہوں نے بتایا کہ لائبریری میں پانچ ہزار سے زائد نادر اور قیمتی کتابیں موجود تھیں ، اس کے علاوہ مدرسہ کا ایک سو سال سے زیادہ کا ریکارڈ موجود تھا، طلبہ و طالبات کے امتحان کی کاپیاں، رجسٹر، اسناد اور دیگر قیمتی کاغذات و اہم دستاویزات وغیرہ موجود تھے جو سب کے سب جل کر راکھ ہوگئے ۔ جس طرح ہلاکو خان کی فوج نے بغداد کی لائبریریوں کو جلا کر راکھ کر دیا تھا اسی طرح ان شر پسندوں نے مدرسہ عزیزیہ کی قدیم لائبریری کو نذر آتش کر کے ظلم و بربریت کی وہی تاریخ دہرا دی۔وفد نے انہیں تسلی دینے کے ساتھ ساتھ یقین دہانی کرائی کہ سرکار سے اس لائبریری کو دوبارہ بنوانے کی کوشش کی جائے گی ۔جو مخطوطات جل گئے وہ تو اب واپس نہیں آسکتے لیکن ایک شاندار اور قیمتی کتابوں سے مزین لائبریری بنوانے کی جدو جہد امارت شرعیہ ضرور کرے گی۔وفد نے سٹی ہوٹل کے مالک سلطان صاحب سے بھی ملاقات کی اور ان کے ہوٹل کا بھی معاینہ کیا جس کو شر پسندوں نے نذر آتش کر دیاتھا، اس کے علاوہ بریانی پلازا، ڈرائی فروٹ اسٹور، ریڈی میڈ شاپ بہرو ٹائر ریپئرنگ ورکشاپ، جنرل اسٹور، بیٹری دکان، چنو ڈرائی فروٹ، سمیع ڈرائی فروٹ، اور دیگر د کانوں کے مالکان سے مل کر ان کے ہوئے نقصانات کی تفصیل معلوم کی اور انہیں انصاف دلانے اور سرکار سے معاوضہ دلانے کی یقین دہانی کرائی ۔اس کے علاوہ ایڈووکیٹ سرفراز ملک صاحب سے مل کر ان کے گھر کو ہوئے نقصان کی تفصیل بھی معلوم کی ۔خیال رہے کہ سرفراز ملک صاحب کے گھر پر شر پسندوں نے پٹرول بم سے حملہ کیا تھا، لیکن کسی طرح آگ پر قابو پا لیا گیا۔
اس وفد نےنالندہ کے ڈی ایم ششانک شوبھنکر، ایس پی اشوک مشرا اور ڈی ایس پی محمد شبلی نعمانی سے مل کر پولیس کی کارروائی سے متعلق تفصیلات معلوم کیں اور اپنے مطالبات و خدشات ان کے سامنے رکھے ۔ ڈی ایم نے بتایا کہ انتظامیہ کی طرف سے حالات پر کنٹرول کی پوری کوشش کی جارہی ہے ، لگاتار فلیگ مارچ کیا جا رہا ہے، امن مارچ بھی نکالا جا رہا ہے ، انہوں نے بتایا کہ نقصانات اور زخمیوں کا بھی جائزہ لیا جا رہاہے ، اس کے مطابق انہیں معاوضہ دلایا جائے گا، مدرسہ عزیزیہ جس کی لائبریری تباہ ہوئی ہے ، اس کے بارے میں ڈی ایم نے بتایا کہ سرکار کے وقف ڈیولپمنٹ اسکیم کے تحت نئے سرے سے اچھے ڈئزائین کے ساتھ اس سے بھی عظیم الشان لائبریری اور مدرسہ کی عمارت بنوائی جائے گی ،اورسرکار کی جانب سے متولی سے مشورہ کر کے کتابیں بھی فراہم کی جائیں گی ۔ڈی ایم اور ایس پی نے یہ بھی وعدہ کیا کہ آئیندہ سالوں سے اس روٹ سے جلوس کی اجازت نہیں دی جائے گی بلکہ یہ کوشش کی جائے گی کہ لوگ اپنے اپنے محلہ میں ہی جلوس نکالیں ۔ انہوں نے بتایا کہ جن لوگوں نے پرمیشن لی تھی انہوں نے صرف دو ہزار کی پرمیشن لی تھی ، لیکن کئی گنا زیادہ بھیڑ اکٹھا کر لی اور پرمیشن کی خلاف ورزی کی ، ان پر بھی مقدمہ در ج کیا گیا ہے اور کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک ایک سو تیس لوگوں کی گرفتاری ہو گئی ہے ، ڈی ایس پی محمد شبلی صاحب نے بتایا کہ مختلف جگہوں سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کیے جارہے ہیں ، ان کی مددسے مجرموں کو شناخت کر کے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ڈی ایم اور ایس پی صاحب نے یہ بھی بتایا کہ اب تک پندرہ سے زیادہ ایف آئی آر کی جا چکی ہیں ۔ وفد نے ان سے کہا کہ خبر ملی ہے کہ ایف آئی آر نہیں لی جا رہی ہے ، اس پر انہوں نے بتایا کہ مین ایف آئی آر میں سبھی کو شامل کر لیا گیاہے ، ویسے اگر نامزد ایف آئی آر کوئی الگ سے کرانا چاہے تو اس کو بھی درج کیا جائے گا۔ایس پی صاحب نے تسلیم کیا کہ پولیس سے اس معاملہ میں لاپرواہی اور چوک ہوئی ہے ، لیکن انہوں نے وعدہ کیا کہ مظلوموں کو پوری طرح انصاف ملے گا اور قصور واروں کو بخشا نہیں جائے گا۔ مقامی حضرات میں سے جن لوگوں نے وفد کو تفصیلات سے آگاہ کیا ان میں جناب مسرور ملک، شمیم اختر صاحب،ایڈووکیٹ محمد نسیخ الزماں ، انجینئر حافظ محمد شاہد انجم ، انو بھائی، مولانا مزمل صاحب ، مولانا عمران صاحب، جناب سلطان صاحب وغیرہ شامل تھے۔ جبکہ انجینئر حافظ محمد شاہد انجم اور ایڈووکیٹ نسیخ الزماں وفد کےساتھ انتظامیہ سے ملاقات میں بھی شریک رہے۔

About awazebihar

Check Also

ایس ٹی ای ٹی امتحان میں 79.79 فیصد امید وار کامیاب

پٹنہ (اے بی این) بہار اسکول اگزامنیشن بورڈ کے چیئرمین آنند کشور نے منگل کو …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *