پٹنہ، 4 اپریل(اے بی این)بہار کے وزیراعلی نتیش کمار نے سہسرام و بہار شریف میں تشدد پر بروقت قابو پاکر فرقہ پرستوں کے منصوبوں کو ناکام کردیا ہے۔یہ دعوی جنتادل یونائیٹیڈ کے اقلیتی سیل کے ریاستی صدر بہارقانون ساز کونسل کے سابق کارگذار چیئرمین سلیم پرویز نے یہاں جاری ایک بیان میں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کو تشدد کی جیسے ہی خبر ملی انہوں نے اعلی افسران کو فوری اقدامات کی ہدایت دی اور حالات پر نظر بنائے رکھی جس کی وجہ کر حالات بہت جلد قابو میں آگئے اور پرسکون ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کی سوجھ بوجھ سے حالات بہت جلد قابو میں آگئے اور اس میں ملوث لوگوں کی پہچان ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بھی وزیراعلی کو اس سلسلے میں کئی مرتبہ فون کیااور ہرمرتبہ وزیراعلی نے کال ریسیو کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں فرقہ وارانہ ماحول خراب کر کشیدگی پیدا کرنے والے جلد ہی بے نقاب ہوجائیں گے۔مسٹر سلیم پرویز نے دعوی کیا کہ بھارتیہ جنتاپارٹی کو خطرہ پیدا ہوگیا ہے کہ وہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں کامیاب نہیں ہونے والی ہے اس لئے وہ بہار سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں فرقہ وارانہ کشیدی کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں نتیش کما رکی قیادت میں مہاگھٹ بندھن کی حکومت میں بی جے پی کی دال گلنے والی نہیں ہے۔ یہاں فرقہ وارانہ ماحول بگاڑنے کی کوششوں کو سختی سے کچل دیا جائے گا۔انہوں نے سہسرام و بہار شریف کی عوام کا بھی شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے لوگوں نے صبرو تحمل سے کام لیا اور فرقہ پرست طاقتوں کے منصوبوں کو ناکام کردیا۔
