پٹنہ ، ، 6اپریل (اے بی این) مجلس اتحاد المسلمین کے ریاستی صدر اور بہار قانون ساز اسمبلی کے رکن اختر الایمان نے کہا کہ ہم چونکہ مسلم قیادت کے علمبردار ہیں اس لیے ہمیں کوئی بھی برداشت کرنے کو تیار نہیں ہے ۔ اس کے لئے ہمیں طرح طرح سے قصور وار قرار دینے کی کوشش کی جاتی ہے۔یہ ردعمل انہوں نے بہار شریف میں متاثرین سے ملنے نہ دینے کے بعد ظاہر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ آج ایم آئی ایم کا ایک وفد جو نالندہ متاثرین سے ملنے سے جا رہا تھا اسے شہر سے باہر ہی پولیس نے زبردستی روک دیا اور ملنے نہیں دیا وفد میں ان کے علاوہ ریاستی یوتھ ونگ کے صدر عادل حسن ایڈووکیٹ ، پارٹی کے کارکن محمد آصف ،محمد فرحان یزدانی اور محمد غازی وغیرہ شامل تھے ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ چوں کہ میں نے فسادات کے لئے حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا اس لیے ایم آئی ایم کے ساتھ یہ سلوک کیا گیا ۔نتیش کمار کے ذریعہ بیرسٹر اویسی کو بی جے پی کا ایجنٹ کہے جانے پر انہوں نےسخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم کو بی جے پی کا ایجنٹ کہنے والے خود کھلے عام بھاجپا کے ہمدم اور حلیف رہے ہیں ۔ گودھرا ریل حادثہ کی جانچ نہیں کروا کے انہوں نے گجرات کے بدترین فساد کی بنیاد ڈال دی ۔ این آر سی اور تین طلاق معاملے میں وہ بی جے پی کے ساتھ رہے ۔ صدر کے انتخاب میں گٹھ بندھن کے ساتھ رہنے کے باوجود انہوں نے بی جے پی امیدوار کو ووٹ دیا ۔ بہار میں 15 سال بی بے پی کے ساتھ حکومت کر کے اس کو مضبوط سے مضبوط تر کر دیا اور اس کی شاخوں کو پنچایت تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ بہار میں آر ایس ایس کے کیمپ لگائے اور اس کی شاخیں کھلوانے میں مدد کی ۔ ایسا آدمی اگر بلا کسی ثبوت کے دوسروں کو بی جے پی کا ایجنٹ کہتا ہے تو بات بڑی مضحکہ خیز معلوم ہوتی ہے یہ ایسا ہی ہے جیسے کوئی کالا کسی گورے کو کالا کہے ۔
اختر الایمان نے زور دے کر کہا ہم اصولی طور پر بی جے پی کے سخت ترین مخالف ہیں اور رہیں گے ہم کسی قیمت پر کبھی بھی اس کے طرفدار نہیں بن سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ آج مسلم قیادت نہ ہونے کے سبب بہار کے مسلمان بے بس اور لاچار ہیں ۔ کئی سالوں سے ان کا ایک بھی مسئلہ حل نہیں کیا گیا ہے ۔ مسلم اکثریت والے علاقے سیمانچل کو تعلیمی معاشی سیاسی اور سماجی ہر اعتبار سے پسماندہ رکھا گیا ہے ۔ تقریبا پانچ سال سے بہار اردو اکیڈمی اور اردو مشاورتی کمیٹی کی تشکیل نہیں کی گئی ہے ۔ اقلیتی کمیشن بہار بھی کئی سال سے بغیر چیئرمین کے ہے ۔ اسپیشل ٹی ٹی اردو کے بارہ ہزار امیدوار آٹھ سال سے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں ۔ بہار کے اسکولوں میں اردو کی ستر ہزار جگہیں خالی ہیں
عملی طور پر میٹرک سے اردو کو ختم کر دیا گیا ہے ۔ اسکولوں میں اردو زبان کے سوال نامے کئی برسوں سے اردو میں مہیا نہیں کرائے جا رہے ہیں ۔ بہار کی دوسری سرکاری زبان اردو ہے لیکن یہاں اسکولوں اور دفتروں سے اردو ختم ہو چکی ہے ۔
اختر الایمان نے کہا کہ مسلم ادارے اورلسانی تنظیمیں مسلمانوں اور اردو کے مسائل کو حل کرنے کے لئے کئی برسوں سے مطالبہ کر رہی ہیں لیکن حکومت کے کانوں پر جوں نہیں رینگتی ہے چوں کہ ہماری کوئی مسلم قیادت نہیں ہے اس لیے ہمارے کہیں کوئی پوچھ نہیں ہے ۔ ایم آئی ایم کے ریاستی صدر نے کہا کہ بہار کے مسلمان اس بات کو سنجیدگی سے سوچیں کہ مسلم قیادت نہ رہنے کی وجہ سے ہماری کیا بےوقعتی اور بے بسی ہے ۔ وقت آگیا ہے کہ مسلم قیادت کو مضبوط کیا جائے اور حکومت میں اپنی حصہ داری لی جائے ۔ انہوں نے ملت کے چند بہی خوابوں کے ذریعہ مسلم پریشرگروپ بنانے کا بھی استقبال کیا اور کہا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے ۔