جمعیۃ علماء بہار کے وفد نے نالندہ بہار شریف کے فساد زدہ علاقے کا دورہ کر کے حالات کا جائزہ لیا

وفد نے اپنے مطالبات کو لیکر ڈی ایم اور ایس پی کو میمورنڈم بھی سونپا۔
(پٹنہ پریس ریلیز 9 اپریل 2023)
جمعیۃ علماء ہند کے صدر محترم جانشین فدائے ملت حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی صاحب دامت برکاتہم کی ہدایت اور جنرل سکریٹری جمعیتہ علماء ہند جناب مولانا حکیم الدین صاحب قاسمی دامت برکاتہم کے ایماء پر جمعیتہ علماء بہار کے جنرل سکریٹری جناب مولانا محمد ناظم صاحب قاسمی اور نائب صدر جناب انجنیئر آفتاب الرحمٰن صاحب کی قیادت میں جمعیتہ علماء بہار کے ایک وفد نے بہار شریف نالندہ کے فساد زدہ علاقے کا دورہ کر کے حالات کا جائزہ لیا، جہاں آج سے کچھ روز قبل رام نومی کے موقع پر شر پسندوں نے مسجد اور مدرسے کو خاص طور پر نشانہ بنایا اور مسلمانوں کے دکان و مکان اور اقلیتی ادارے کو نقصان پہنچایا تھا، وفد نے نالندہ کے ڈی ایم ششانک شوبھنکر اور ایس پی اشوک مشرا سے مل کر پولیس کارروائی سے متعلق معلومات فراہم کیں اور اپنے مطالبات کو لیکر ڈی ایم اور ایس پی صاحبان کو ایک میمورنڈم بھی سونپا، اس موقع پر جناب مولانا محمد ناظم صاحب قاسمی جنرل سکریٹری جمعیتہ علماء بہار نے اپنے وفد کے ساتھ کافی دیر تک اعلی افسران سے تبادلۂ خیال کیا اور پرزور مطالبہ کیا کہ امن کے دشمن اور شر پسند عناصر کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفرکردار تک یا جائے، مظلوم کو انصاف ملے اور جن لوگوں کا جانی و مالی نقصان ہوا ہے سرکار ان سب کو مناسب معاوضہ دے، اس پر اعلی افسران نے اطمینان دلایا اور کہا کہ مجرموں کو شناخت کر کے گرفتاری عمل میں لائی جا رہی ہے، لگاتار فلیگ مارچ کیا جارہا ہے اور سبھی لوگوں کو امن اور شانتی کا پیغام دیاجا رہاہے،حالات ابھی کنٹرول میں ہے،امید ہے کہ آگے بھی حالات بہتر ہی رہیں گے، خاص طور پر ناظم اعلیٰ جمعیۃ علماء بہار مولانا محمد ناظم صاحب قاسمی نے اعلیٰ افسران سے کہا کہ مدرسہ عزیزیہ اور تاریخی قدیم لائبریری کی جلد از جلد مرمت کی جائے اور تقریباً ساڑھے چار ہزار سے زائد کتابیں جل کر راکھ ہو گئی ہیں اس کی بھرپائی کی جاۓ، اس پر ڈی ایم ششانک شوبھنکر نے بتایا کہ اس کے لئے ہم لوگ اعلیٰ افسران اور وزارت اقلیتی فلاح سے رابطے میں ہیں، بہت جلد سرکار اس طرف توجہ دےگی اور اس پر بھی عمل در شروع ہوجاۓ گا-
اس موقع پر نائب صدر جناب انجنیئر آفتاب الرحمٰن صاحب نے کہا کہ کارروائی میں تیزی لائی جائے اور جتنا نقصان ہواہے اسکی بھرپائی جلد از جلد کی جائے-
جمعیۃ علماء بہار کے صدر جناب مفتی جاوید اقبال صاحب قاسمی نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ مجرموں کو سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے حرکت کو انجام نہ دے سکے اور آگے کیلئے سرکار مضبوط لائحہ عمل تیار کرے-
خازن جمعیۃ علماء بہار جناب مولانا ذاکر حسین صاحب قاسمی، جمعیۃ علماء پٹنہ کے جنرل سکریٹری مولانا اظہار عالم قاسمی اور اصلاح معاشرہ جمعیۃ علماء پٹنہ کے ناظم مولانا فیروز عالم قاسمی نے مشترکہ طور پر اعلیٰ افسران کے کام کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ بے قصور اور مظلوموں کو گرفتار نہ کیا جائے اور آگے کی کارروائی کو صاف شفاف طریقے پر انجام دیا جائے-
اس کے بعد جناب مولانا محمد ناظم صاحب قاسمی جنرل سکریٹری جمعیتہ علماء بہار کی قیادت میں وفد نے شرپسندوں کے ہاتھوں تباہ شدہ مدرسہ عزیزیہ اور قدیم تاریخی لائیبریری کا معاینہ کیا اس کے بعد مسجد کے احاطے میں جلی ہوئی دکانوں مکانوں اور گاڑیوں کو بھی دیکھا جس سے حالات کی سنگینی کا پتہ چلتا ہے اور یہ محسوس ہوتا ہے کہ یہ لوگ امن کے دشمن ہیں، آپسی بھائی چارہ اور ملک کی سالمیت کو تباہ و برباد کرنا چاہتے ہیں-
اسی دوران ظہر کا وقت ہو گیا اور مولانا محمد ناظم صاحب قاسمی جنرل سکریٹری جمعیتہ علماء بہار نے مدرسہ عزیزیہ کے وسیع عریض “شاہی مسجد” میں ظہر کی نماز ادا کی، اس کے بعد مسجد کے امام صاحب سے حالات دریافت کیا جس پر انھوں نے بتایا کہ وہ وقت بہت بھیانک تھا، ہزاروں کی بھیڑ مسجد اور مدرسہ پر حملہ آور تھا اور ہم بیس پچیس کی تعداد میں کچھ لوگ مسجد میں ہی رکے ہوئے تھے، حالات انتہائی سنگین تھا ؛ مگر ہم لوگ مضبوط ہمت اور حوصلے کے ساتھ ان سے مقابلہ کر رہے تھے،اس وقت ہمارا ساتھ دینے والا کوئی ‌نہ تھا، شر پسند لوگ بار بار مسجد پر اینٹ پتھر اور بم پھینکتا اور ہنگامہ کرتا، جواباً ہم لوگ بھی نعرہ تکبیر بلند کرتے اور مسجد بچانے کی کوشش کرتے، جس بنا پر آج مسجد کا اندرونی حصہ محفوظ ہے-
اخیر میں ناظم اعلیٰ جمعیۃ علماء بہار جناب مولانا محمد ناظم صاحب قاسمی بانی و مہتمم جامعہ قاسم العلوم تریپولیہ عالم گنج پٹنہ نے کہا کہ جمعیتہ علماء پوری مضبوطی سے مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے مزید یہ کہ مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے اور متاثرین کو انصاف ملے، اس کیلئے ہم لوگ پوری کوشش کریں گے-
وفد میں جمعیتہ علماء بہار کے جنرل سکریٹری جناب مولانا محمد ناظم صاحب قاسمی، نائب صدر انجنیئر آفتاب الرحمٰن صاحب، خازن جمعیۃ علماء بہار مولانا ذاکر حسین قاسمی صاحب، جمعیۃ علماء پٹنہ کے جنرل سکریٹری مولانا اظہار عالم قاسمی، قاری امام حیدر، مولانا شبیر احمد قاسمی، انجنیئر ضیاء اللہ، حافظ شمس تبریز اور ناظم اصلاح معاشرہ جمعیۃ علماء پٹنہ مولانا فیروز عالم قاسمی کے علاوہ متعدد افراد شامل تھے_

About awazebihar

Check Also

حج وہ افضل عمل ہے جو ماضی کے گناہوں کو ملیامیٹ کر دیتا ہے :مولاناخورشیدمدنی

پٹنہ : (پریس ریلیز) بہارریاستی حج کمیٹی کےچیئر مین الحاج عبدالحق نے اپنے خصوصی پریس اعلانیہ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *