پٹنہ: 4 مئی(پریس ریلیز)
’’ہندوستان کے آئین نے تمام شہریوں کو اپنے اپنے مذہب کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے، کھانے پینے، تہوار منانے کی اجازت دے رکھی ہے۔ یہ ملک کثرت میں وحدت کا ایک خوبصورت نمونہ ہے۔ یہ خوبصورتی کچھ لوگوں کو راس نہیں آتی لیکن ہمیں اس خوبصورتی کو قائم و دائم رکھنا ہے۔ عید ملن کی تقریب نفرت اور غلط فہمیوں کو دورکرنے اور آپسی بھائی چارہ نیز پیار و محبت کوفروغ دینے کا ایک موقع ہے۔ ‘‘یہ باتیں جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے بدھ کو ٹکاری روڈ واقع مرکز اسلامی میں تقریب عید ملن سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ تقریب میں برادران وطن سمیت کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
مولانا رضوان احمد نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ لوگ ایک دوسرے کے مذہب، مذہبی کتابوں، عقیدوں،تہواروں اور رسم و رواج کے بارے میں جانیں ۔ اس سے آپسی سمجھداری پیدار ہوگی اور دوریاں کم ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سمت میں جماعت اسلامی ہند نے ملک کی تما م علاقائی زبانوں میں قرآن ، حدیث اور اسلامی لٹریچرکا ترجمہ کرا دیا ہے۔دوسرے مذاہب کے لوگوں کو بھی چاہیے کہ وہ دوسرے مذاہب اور اس کی مذہبی رسومات کو سمجھیں۔
امیر حلقہ نے کہا کہ ہر قوم کے لئے عیدہوتی ہے۔ اسلامی میں دو عیدیں ہیں، ایک عیدالفطر اور دوسری عیدالاضحی۔ رمضان اور قرآن کے اختتام پرعیدالفطر منائی جاتی ہے۔
ماہر تعلیم و صحافی ڈاکٹر دھرو کمار نے کہا کہ پرب تہوار کا مقصد اپنی خوشیوں میں ایک دوسرے کو شامل کرنا ہوتا ہے ۔ عید ایسا ہی ایک تہوار ہے۔ جماعت اسلامی کی عید ملن تقریب میں میں پانچ برسوں سے شریک ہوتا آ رہا ہوں اور مجھے ایسی تقریب کا انتظار رہتا ہے۔
فادر جوس نے کہا کہ موجودہ ماحول میں عید ملن جیسی تقریب کا انعقاد قابل تعریف پہل ہے۔ اس سے دل سے دل کا رشتہ جوڑنے ،ایک دوسرے کو قریب لانے اور ایک دوسرے کو جاننے کا موقع ملتا ہے۔
مقامی وارڈ کاؤنسلر، بیجو لال داس نے کہا کہ عید ملن کی تقریب ملک کی گنگا جمنی تہذیب کی علامت ہے۔جماعت اسلامی ہندو ، مسلم ، سکھ ، عیسائی کے بیچ اتحاد قائم کرنے کے تئیں ہمیشہ کوشاں رہی ہے۔
سلطان گنج تھانہ انچارج دنیش کمار ٹھاکرنے اپنی بات ایک شعر میں رکھی — ’ہندو برا ہے نہ مسلمان برا ہے ، جس کا کردار برا ہے ، وہ انسان برا ہے۔‘
سماجی کارکن کیرتی نے کہا کہ ہم سب نے مل جل کر رہنا اپنے بزرگوں سے سیکھا ہے۔ ہمیں بھی چاہئے کہ ہم اپنے بچوں کو ایک دوسرے سے متعارف کرائیں اور عید ملن جیسی تقریب میں ان کی شرکت یقینی بنائیں۔
جماعت اسلامی ہند، بہار کے سکریٹری جناب محمد شہزاد نے مہمانوں کا استقبال کیا۔تقریب کی نظامت ڈاکٹر نسیم اختر نے کی۔اخیر میں سیوئی سے مہمانوں کی ضیافت کی گئی۔
