مساجد ہماری شناخت اور پناہ گاہیں ہیں: شمیم الدین احمد منعمی

پٹنہ (اے بی این) مشہور عالم دین وخطیب اور خانقاہ منعمیہ میتن گھاٹ پٹنہ سیٹی کے سجادہ نشیں ڈاکٹر سید شاہ شمیم الدین احمد منعمی نے بدھ کو ویشالی کے خواجہ چاند چھپرہ میں مسجد کی تعمیر نو کا سنگ بنیاد رکھا. اس موقع پر ایک دعائیہ مجلس سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ مسجد بنانا رسول مقبول اور ان کے اصحابِ کی مہتم بالشان سنت ہے. اس کے ساتھ ہی مسجد انسانی کردار کی تطہیر کی علامت بھی ہے. مسجد ہماری شناخت ہےاور مسجد پناہ گاہ بھی ہے. شمیم منعمی نے کہا کہ مسجد کا دروازہ بلا تفریق مسالک سب کے لئے کھلا رہنا چاہئیے تاکہ لوگ اس میں پناہ لے سکیں. مسجد دارالامان بھی ہے. انہوں نے نماز کے بعد مسجدوں میں تالہ لگانے کے رواج پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ انتہائی غلط ہے ایسا نہیں ہونا چاہیئے. انہوں نے کہا کہ ہم نے مسجدوں کی اہمیت نہیں سمجھی ہے.ہماری سوچ یہ ہے کہ مسجد میں نماز ہو گی یا اس کے کٹرے میں دکان رہے گی. اس سے آگے ہم نہیں سوچتے. جبکہ نبی کریم صل اللہ علیہ وسلم کی مسجد میں سماج کو بہتر بنانے کے منصوبے بنائے جاتے تھے. مسجد آفس اور فلاحی مرکز ہوا کرتی تھی. شمیم منعمی نے کہا کہ ہمیں بھی مسجدوں کو سماج سے جوڑنا چاہیے اور ہمیں اس کی اہمیت کا احساس ہونا چاہیے. انہوں نے بہت تفصیل سے بتایا کہ مدینہ منورہ میں نبی کریم صل اللہ علیہ وسلم نے ایک یتیم بچے کی زمین خرید کر کس طرح مسجد بنائی اور کس طرح آپ کے اور آپ کے اصحاب نے اس کی تعمیر نو کی . شمیم منعمی نے لوگوں سے مسجدوں کو آباد اور روشن رکھنے کی اپیل کی تاکہ یہ لوگوں کے لئے دعا کرتی رہے .اس سے قبل اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اردو ایکشن کمیٹی بہار کے نائب صدر ڈاکٹر ریحان غنی نے کہا کہ مسجد اللہ کا گھر ہے. اس میں پانچ وقت نماز ادا کی جاتی ہے. انہوں نے تفصیل سے بتایا کہ نماز کس طرح قرب الہی کا ذریعہ ہے اور کس طرح اس کی معاشرتی اہمیت بھی ہے. انہوں نے مسجد کے آداب بھی بتائے اور صف بندی کی اہمیت پر بھی زور دیا. تقریب کی نظامت اردو ایکشن کمیٹی بہار کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر اشرف النبی قیصر نے کی. انہوں نے کہا کہ خواجہ چاند چھپرہ ایک قدیم بستی ہے اور یہاں کے لوگ کافی مخیر ہیں. یہاں جو مسجد پرانی ہے اور آبادی میں اضافے کی وجہ سے چھوٹی ہو گئی ہے اس کی توسیع اور از سر نو تعمیر کی ضرورت تھی اس لئے آج اس کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے. انہوں نے امید ظاہر کی کہ علاقے کے لوگوں کے تعاون سے یہ جامع مسجد جلد ہی بن کر تیار ہو جائے گی. آخر میں حافظ حسیب انور نے مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا. تقریب کا آغاز حافظ محمد حسیب اکرم کی تلاوت قرآن پاک سے اور اختتام ڈاکٹر سید شاہ شمیم الدین احمد منعمی کی دعا پر ہوا. تقریب میں ڈاکٹر آفتاب النبی، مولانا فیاض اللہ صدیقی ،حاجی محمد اسلم، حاجی عبدالباقی، ثا قب انور، خالد عمر، تاج الدین، محمد زاہد، فیاض حسین، محمد شہزاد، وجاہت کلیم، دانش فہیم، معین الدین احمد اور دانش فہیم سمیت کافی تعداد میں مقامی لوگ موجود تھے.

About awazebihar

Check Also

والدین اپنے چھوٹے بچوں کو علاقائی مدارس میں داخل کرائیں:مولانا محمد شبلی القاسمی

پٹنہ : امارت شرعیہ بہار اڈیشہ و جھارکھنڈ کے قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی قاسمی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *