پٹنہ : (پریس ریلیز) بہارریاستی حج کمیٹی کےچیئر مین الحاج عبدالحق نے اپنے خصوصی پریس اعلانیہ کے ذریعہ مطلع کیاہے کہ مؤرخہ۸؍جون کوگیاامبارکیشن پوائنٹ سے سفرِ حج پرروانہ ہونے والے عازمین حج کاقافلہ فلائٹ نمبر:SG-5309سے مکہ مکرمہ بخیروعافیت پہونچ گیا۔مؤرخہ ۹؍جون کوگیاامبارکیشن پوائنٹ سے سفرِ حج پرروانہ ہونے والے عازمین حج کاقافلہ حج بھون پٹنہ سے رات10بجے گیاکے لئے بسوں کے ذریعہ روانہ ہوا۔عازمین حج کی بسوں کے ساتھ پولس اسکوٹ اورنوڈل حج آفیسربھی تھے۔
عازمین حج کے اعزازمیںحج بھون پٹنہ میں دعائیہ مجلس کاسلسلہ لگاتارجاری ہے۔آج کی دعائیہ مجلس میں مولاناخورشیدمدنی نے خطاب کرتے ہوئے فرمایاکہ حج کی فرضیت کے لئے اللہ نے استطاعت کی شرط لگائی ہے،حج مالی وبدنی عبادتوں کامجموعہ ہے۔ایک حاجی کی سب سے بڑی فضیلت یہ ہے کہ وہ اللہ کے مہمان ہوتے ہیں،اس سے بڑااعزازاورکیاہوسکتاہے اورجوبندہ حج کی نیت سے گھرسے نکلتاہے وہ اللہ کی نگہبانی اورمحافظت میں ہوتاہے۔ایک شخص جب حج کرتا ہے اور حج کے شرائط کو ملحوظ رکھتا ہے تو وہ گناہوں سے پاک و صاف ہو جاتا ہے۔حاجی اللہ سے جومانگتاہے اللہ اسے عطاکرتاہے۔اللہ تعالیٰ کاآپ پرفضل واحسان ہے کہ اس نے آپ کواس عظیم فریضہ کی سعادت کی ادائیگی کے لئے منتخب فرمایاہے۔آپ کے گردوپیش ،سماج ومعاشرہ میں ایسے بے شمارلوگ ہیں جومال وسرمایہ ،صحت وقوت کے اعتبارسے آپ سے کہیں زیادہ اچھے ہیں مگراللہ کی توفیق نہیں ملنے کی وجہ سے وہ اس سعادت سے محروم ہیں ۔اس توفیق پرآپ کواللہ کاشکراداکرناچاہئے ۔حدیث میں آیاہے کہ حج پچھلے تمام گناہ کومٹادیتاہے۔اورایک روایت میں یہ آیاہے کہ وہ حج کے بعدایساہوجاتاہے جیساکہ آج ہی ماں نے جنم دیاہو۔حج اللہ کی رضاکے لئے ہوناچاہئے محض ٹائٹل اورسماج میں حاجی کہلانے کی غرض سے حج نہیں کرناچاہئے ،آپ کایہ مقدس جنت کی لالچ میں اورجہنم سے اپنے دامن کوبچانے کے لئے ہوناچاہئے۔وہ عمل جواخلاص کے ساتھ ہوتاہے وہ چھوٹابھی ہوتووہ عنداللہ بڑاہوجاتاہے اوراس کے برعکس بڑے سے بڑاعمل اخلاص کے بغیر رد ہوجاتا ہے۔ تین آدمی اللہ کی ضمان اورحفاظت میں ہوتے ہیں ایک وہ شخص جومسجد کی طرف خروج کرتاہے دوسراوہ شخص جواللہ کی راہ میں جہادکی غرض سے نکلتاہے اورتیسراحاجی۔آپ اس شہرمیں بھی جائیں گے جہاں اللہ کے نبی کاروضہ ہے اورجس شہرکونبی صلی اللہ علیہ وسلم نے حرم قراردیاہے ،جہاں کاایک عمل راجح قول کے مطابق ایک ہزارگنازیادہ بڑھا دیاجاتاہے۔جودوران حج انتقال کرجاتے ہیں ان کی موت قابل رشک ہوتی ،روزقیامت میں وہ تلبیہ پڑھتاہوااٹھے گا۔آپ سے گزارش ہے کہ حرم کے باہردوکانوں کے چکرمیں اپنے اوقات کوضائع کرنے کے بجائے حرم کے اندرکی نیکیوں کوجمع کرنے میں منہمک رہیں۔
دعائیہ مجلس میںجن سرکردہ شخصیات نے شرکت کی اُن میں جناب الحاج حافظ محمدالیاس عرف سونوبابوسابق چیئرمین بہارریاستی حج کمیٹی پٹنہ کے علاوہ بہارکے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے کثیرتعدادمیں فرزندانِ توحیدشامل تھے۔دعائیہ مجلس کی نظامت مفتی محمدعبیداللہ قاسمی نے انجام دیا، قرآن مجیدکی تلاوت جناب قاری عبداللہ صاحب نے کی اورنعتیہ کلام جناب مولانادانش صاحب نے پیش کیا۔
میڈیاانچارج صغیراحمدنے بتایاکہ فلائٹ نمبر:SG-5310سے سوئے حرم روانہ ہونے والے عازمین کی تعداد89اورعازمات کی تعداد55ہے جنکی مجموعی تعداد 144 ہے۔ جس میں اورنگ آباد، بانکا، بیگوسرائے، بکسر، بھاگلپور ، دربھنگہ، مشرقی چمپارن، گیا، کھگڑیہ، مدھے پورہ، مدھوبنی، مظفرپور، نالندہ، نوادہ، پٹنہ، پورینہ، روہتاس، سمستی پور، سارن، سیتا مڑھی، ویسالی اور مغربی چمپارن ضلع کے عازمین وعازمات شامل ہیں۔فلائٹ صبح ۸بجے مکہ مکرمہ کے لئے روانہ ہوگی۔
