پٹنہ: 29 اگست 2023
پٹنہ(پریس ریلیز) جنتا دل یونائیٹڈ کے ریاستی جنرل سکریٹری اور بہار اسٹیٹ شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین ارشاد علی آزاد نے ممبئی میں ہونے والے انڈیا اتحاد کے اجلاس کو ملک کی حالت اور سمت بدلنے کی راہ میں بڑا اہم مرحلہ قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحادسے آر ایس ایس اور بی جے پی کی نیندحرام ہے۔یہی وجہ ہے کہ پی ایم مودی سالانہ دو کروڑ نوکریاں دینے کے بجائے پہلے ہی سےتعینات ہزار دس ہزارملازمین کو تقرری نامہ دے رہے ہیں۔وہ بھی اس وقت جبکہ بہارمیںلاکھوں نوجوانوں کو نوکریاں دینے کا عمل آخری مرحلے میں ہے۔
جے ڈی یو کے ریاستی جنرل سکریٹری ارشادعلی آزادنے کہا کہ ایک طرف بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار ہیں جو نوجوانوں، غریبوں، خواتین اور اقلیتوں کے لیے ترقیاتی کام کر رہے ہیں، وہیں مرکز میں وزیراعظم مودی ہیں جو اپنے دوست کی ترقی کے لیے لابنگ کرنے یونان تک پہنچ جارہےہیں۔ مزے کی بات یہ ہے کہ پی ایم مودی ہندوستانیوں کے ٹیکس کے پیسے سے سرکاری دورے کے نام پریہ سب کررہے ہیں۔جے ڈی یورہنما نے کہا کہ غریبوں کے پیسے سے اپنے دوست کے لیے لابنگ کرنے والے پی ایم مودی کو آئندہ لوک سبھا چناؤ میں عوام سبق سکھائیں گے۔انہیں ۲۰۲۴ء میں اقتدار سے باہر کا راستہ دکھائیں گے۔
بہار اسٹیٹ شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین ارشاد علی آزاد نے بہار کے بی جے پی لیڈروں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ فرضی ڈگری والے بھی وکاس پرش نتیش کمار اور ان کی سرکارپر سوال اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نتیش لالو کے سایہ میں سیاست کی الف ب سیکھنے والے بھی آج ان کے کاموں اور پالیسیوں پر سوال اٹھا رہے ہیں۔ارشادعلی آزاد نے کہاکہ ایسے لوگوں کو دوسروں پر انگلیاں اٹھانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے ۔جے ڈی یو لیڈر نے کہاکہ لالو یادو نے غریبوں کو زبان دی اور نتیش کمار نے ان کے گھروں تک ترقی کی روشنی پہنچائی۔انہوں نے کہاکہ نتیش کمار کام کرتے ہیں،عوام سے جو وعدہ کرتے ہیں، اسے ایمانداری سے پورا کرتے ہیں۔