گیا ضلع کے مختلف مقامات پر ‘کاروان اتحاد و بھائی چارہ’ کے تحت پروگرام کا انعقاد
پٹنہ، 2 ستمبر (پریس ریلیز) ہمارے ملک میں ان دنوں ہٹلر شاہی چل رہی ہے۔ جس طرح سے ہٹلر نے اقتدار پر قبضہ کرنے کیلئے جرمنی میں عیسائی اور یہودیوں کے بیچ نفرت کا بازار گرم کرکے دس لاکھ سے زائد یہودیوں کا قتل عام کروایا اور پورے جرمنی کو تباہ و برباد کیا تھا۔ ٹھیک اسی طرح کے حالات ابھی ہندوستان میں پیدا کیے جا رہے ہیں۔ فرقہ پرستوں کے ذریعہ ہندو بھائیوں کے دل و دماغ میں مسلمانوں کے خلاف زہر بھرا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایم ایل سی ڈاکٹر خالد انور نے کیا۔ کاروان اتحاد و بھائی چارہ کے تحت آج گیا کے مدارپور ڈومریا میں منعقد پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کارواں کے کنوینر ڈاکٹر خالد انور نے کہا کہ ہمارے ہندو بھائیوں کے دماغ میں ایسی نفرتیں بھری جا رہی ہیں کہ کل تک جو قوم مرغا ذبح نہیں کر سکتی تھی آج وہ داڑھی ٹوپی والے کو دیکھتے ہی خنجر مار دے رہی ہے۔
ایسا کسی نے کبھی تصور نہیں کیا تھا کہ مسجدوں کو کھود کھود کر بھگوان نکالے جائیں گے، کبھی کسی نے نہیں سوچا تھا کہ ہماری ماں بہنوں کو ننگا کر کے گھمایا جائے گا۔ اسلئے کاروان اتحاد و بھائی چارہ کا یہی مفصد ہے کہ ہم بیدار ہو جائیں اور ایسی طاقتوں کو اقتدار سے بے دخل کرنے کیلئے تیار ہو جائیں – انہوں نے کہا کہ جب سے بی جے پی کو اقتدارسے بے دخل کیا گیا ہے وہ بوکھلا گئی ہے اور طرح طرح کے حربے اپناکر کے دنگے فساد کرانا، ہندو مسلم کو بانٹنا اس کا کام رہ گیا ہے۔اس لئے ضروری ہےکہ بہار کے لوگ ایسی طاقتوں سے ہوشیار رہیں۔
ایم ایل سی خالد انور نے کہا کہ گذشتہ ایک سال قبل جب پورے ہندوستان کی تمام سیاسی پارٹیاں بی جے پی کے خلاف منھ کھولنے سے ڈرتی تھیں، ایسے وقت میں ہمارے نیتا وزیراعلیٰ نتیش کمار نے ہندوستان کی بقا اور آئین کے تحفظ کیلئے بی جے پی کو بہارحکومت سے دھکا دے کر باہر نکال دیا۔ یہ کوئی معمولی فیصلہ نہیں تھا۔ ساتھ ہی نتیش کمارنے یہ بھی فیصلہ کہ بھارتی جنتا پارٹی کو اس ملک سے اکھاڑ پھینکنا ہے ۔ اتنا بڑا قدم انہوں نے ہم 14کروڑ بہاریوں کے بھروسے پر اٹھایا ہے ۔ کارواں کا یہی مقصد ہے کہ ہم بیدار ہو جائیں ۔ اگر ہم بیدار نہیں ہوئے تو آئندہ سال کے انتخاب کے بعد نہ ہماری جمہوریت بچے گی اور نہ ہی ہمارا آئین باقی رہے گا ۔
پرو گرام سے خطاب کر تے ہوئے محکمہ اقلیتی فلاح کے وزیر زماں خان نے کہا کہ ہمارے قائد وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ہر شعبہ حیات میں قابل ذکر کام کیا ہے ۔ انہوں نے نہ صرف علاقے کی ترقی کیلئے کام کیا، بلکہ آپسی اتحاد اور بھائی چارہ کو بھی فروغ دیا ہے ۔ وزیر زماں خان نے کہا کہ مرکزی حکومت کی عوام مخالف پالیسی سے ہر ایک شخص پریشان ہے۔ مہنگائی آسمان چھو رہی ہے۔ کالا دھن واپس لانے کا بھی وعدہ کافور ہو گیا۔ نہ تو کسی غریب کے کھاتے میں 15-15 لاکھ روپے آئے۔ یہ حکومت صرف نفرت پیدا کرنے میں لگی ہوئی آپس میں بھائیوں کو لڑانے میں یقین رکھتی ہے۔ ایسے میں ضروری ہے کہ آپسی اتحاد سے ایسی حکومت کو اکھاڑ پھینکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نیتا وزیر اعلیٰ نتیش کمار ہر ایک طبقہ کو ساتھ لے کر چلتے ہیں۔ انہیں نے کبھی نہیں سوچا کہ ان کو کس نے ووٹ دیا اور کس نے ووٹ نہیں دیا تمام لوگوں کا برابر احترام ا ن کی نظر میں ہے ۔
پرو گرام سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایل سی آفاق خان نے کہا کہ ایسے وقت میں جب پورے ملک میں فرقہ پرستی کی آگ پھیلی ہوئی ہے، ڈاکٹر خالد انور کا اتحاد و بھائی چارے کا کارواں انتہائی اہمیت کاحامل ہے۔ اس طرح کے مشن کی پورے ملک کو ضرورت ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جے ڈی یو کے قومی جنرل سکریٹری الیکزنڈر خان نے کاروان اتحاد و بھائی چارہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ پورے بہار میں بڑی کامیابی کے ساتھ یہ کارواں اپنے مشن پر رواں دواں ہے۔ اس کے لئے ڈاکٹر خالد انور مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے وزیر اعلی کے پیغام کو پورے بہار میں پھیلانے کا عزم کیا ہے۔ اس موقع پر جے ڈی یو لیڈر دانش خان، تقریب کی صدارت زیدی خان جبکہ نظامت پرویز خان نے کی۔ اسکے بعد یہ کارواں سرواں بازار رُکتے ہوئے دیر شام باغیچہ ریزورٹ، گوال بیگھا پہنچا جہاں دیر شب تک پروگرام جاری رہا۔ واضح ہو کہ گذشتہ ماہ یکم اگست سے جاری کاروان اتحاد و بھائی چارہ تیسرے اور آخری مرحلہ میں چل رہا ہے ۔ جو کل یعنی 3ستمبر کو نوادہ اور نالندہ پہنچے گا۔