ابھیشیک بنرجی کی مشکلات میں اضافہ ‘ تحقیقات متاثر نہ ہونے کی ہدایت

کلکتہ 29ستمبر (یواین آئی)کلکتہ ہائی کورٹ نے ترنمول کانگریس کے جنرل سیکریٹری ابھیشیک بنرجی کیلئے مشکلات کھڑی کرتے ہوئے ای ڈی کو ہدایت دی ہے کہ 3اکتوبر کو ہونے والی تحقیقات کسی بھی طرح سے متاثر نہیں ہونی چاہیے۔خیال رہے کہ ای ڈی نے ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی کو منگل 3 اکتوبر کو پرائمری اسکول کے اساتذہ کی تقرری گھوٹالہ میں پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا ہے۔2اور 3اکتوبر کو دہلی میں ترنمول کانگریس کا احتجاجی پروگرام ہے جس میں ابھیشیک بنرجی قائدانہ رول ادا کرنے والے ہیں ۔
کل ای ڈی نے سمن جاری کرتے ہوئے ابھیشیک بنرجی کو 3اکتوبر کو ای ڈی کے دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت دی تھی۔اس کے بعد سے ہی ای ڈی پر ترنمول کانگریس سوال کھڑا کررہی ہے کہ ترنمول کانگریس کے پروگرام میں رخنہ ڈالنے کیلئے ہی ای ڈی نے 3اکتوبر کو ابھیشیک بنرجی کو طلب کیا ہے۔ای ڈی اس دن کے علاوہ بھی انہیں طلب کرسکتی تھی۔اس کے پیچھے سیاست کارفرما ہے۔
کلکتہ ہائی کورٹ کی جج امریتا سنگھ نے ابھیشیک بنرجی کا نام لیے بغیر 3 اکتوبر کو ای ڈی کی انکوائری سے متعلق سخت ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ 3 اکتوبر کو ہونے والی انکوائری کسی بھی طرح سے متاثر نہیں ہونی چاہیے۔ اس کے لیے کوئی بھی اقدام کیا جا سکتا ہے۔ ابھیشیک بنرجی کی حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ جسٹس سنگھ نے ای ڈی کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر متھلیش کمار مشرا کو بھی ہٹانے کا حکم دیا ہے،مشرا تحقیقات میں شامل تھے۔ انہوں نے ای ڈی سے کہا کہ اعتماد کی کمی کی وجہ سے متھیلیش کمار کو ہٹا دیا جانا چاہئے اور 3 اکتوبر کی انکوائری میں کسی اور قابل افسر کو شامل کیا جائے۔
ابھیشیک بنرجی کو مرکزی جانچ ایجنسی نے 3 اکتوبر کو صبح10,30بجےسی جی او کمپلیکس میں Leaps and Bounds کمپنی سے متعلق پوچھ گچھ کے لیے حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے ہے۔ ابھیشیک بنرجی نے جمعہ کو کہا کہ وہ ای ڈی کے سمن پر پیش ہونے کے بجائے پارٹی کے پروگرام میں شرکت کے لیے دہلی جائیں گے۔ ابھیشیک نے جمعہ کو سوشل میڈیا پر اس بارے میں تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اگر ہمت ہے تو مجھے روک کر دکھائیں ۔
اپنے ایکس ہینڈل پر ابھیشیک نے یہ بھی لکھاکہ بنگال کی محرومی اور بنگال کے جائز واجبات کی ادائیگی کیلئے لڑائی تمام رکاوٹوں کے باوجود جاری رہے گی۔ بنگال کے لوگوں کے بنیادی حقوق کے لیے میری اس لڑائی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔‘‘ اس کے بعد ابھیشیک نے لکھا ہے کہ ’میں احتجاج میں شامل ہونے کے لیے 2 اور 3 اکتوبر کو دہلی میں رہوں گا۔مشہور وکیل بکاس رنجن بھٹاچاریہ نے اس کی طرف عدالت کی توجہ مبذول کرائی اس کے بعد جسٹس سنگھ نے کہاکہ3 اکتوبر کی تحقیقات یا انکوائری کو کسی بھی طرح متاثر نہیں ہونا چاہیے” ای ڈی تحقیقات کے مفاد میں کوئی بھی کارروائی کر سکتی ہے۔
جسٹس سنگھ نے 25 ستمبر کو اس معاملے میں ای ڈی کو سخت سرزنش کرتے ہوئے ای ڈی کے ذریعہ پیش ترنمول کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی کی جائداد کی تفصیلات پر سوال اٹھا یا۔ گزشتہ پیر کو جسٹس سنگھ نے ای ڈی کے وکیل سے پوچھا کہ ممبر پارلیمنٹ کے پاس صرف تین بیمہ ہیںاور ان بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات کیوں نہیں ہے؟ جج نے کہا کہ ای ڈی کی گزشتہ آٹھ مہینوں سے چھلانگ لگا کر کی گئی تحقیقات کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا ہے۔ جسٹس سنگھ نے ای ڈی کو اس سلسلے میں تفصیلی معلومات پیش کرنے کی ہدایت دی۔ جج نے یہ بھی سوال کیا کہ ابھیشیک کی ماں لتا بنرجی سے پوچھ گچھ کیوں نہیں کی گئی۔ اس کے بعد ای ڈی نے ابھیشیک کو نیا سمن بھیجا ہے۔ ان کی والدہ اور والد امیت بنرجی کو بھی اکتوبر کے پہلے ہفتے میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا ہے۔
ہائی کورٹ نے قبل ازیں سی ای او (چیف ایگزیکٹیو آفیسر) اور لیپس اینڈ باؤنڈس کے ڈائریکٹرز سے کہا تھا کہ وہ ای ڈی کو جائیداد کی تفصیلات پیش کریں۔ جسٹس سنگھ نے اس تفصیل پر برہمی کا اظہار کیا۔ ای ڈی نے تفصیلات میں ابھیشیک کے کسی بینک اکاؤنٹ کا ذکر نہیں کیا تھا۔ جج کا سوال تھا کہ یہ کیا ہو سکتا ہے؟۔کیا ممبر پارلیمنٹ کے بینک اکاؤنٹس نہیں ہیں؟ پھر اسے تنخواہ کیسے ملتی ہے؟۔انہوں نے مزید کہاکہ ای ڈی کو ابھیشیک کے گھر کا پتہ نہیں ہے؟ 188 اے ہریش مکھرجی روڈ پر مکان کس کے نام پرہے؟۔‘جج یہیں نہیں روکیں انہوں نے سوال کیا کہ ابھیشیک لب اینڈ باؤنڈز کے سی ای او ہیں۔انہوں نے اپنے اثاثے کیا ظاہر کئے ہیں ۔کیا آپ کی دی گئی معلومات قابل اعتبار ہیں؟
جسٹس سنگھ نے اس سلسلے میں ای ڈی کی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) کے متھیلیش کمار کے خلاف بھی ناراضگی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ آپ تفتیش سے استثنیٰ چاہتے ہیں؟ کیا یہ ڈاک خانہ ہے؟ کسی نے کچھ دیااور آپ یہاں لاکر پیش کردیا۔
ابھیشیک بنرجی کا 3اکتوبر کو ای ڈی کے سامنے پیش نہیں ہونے کا اعلان
کلکتہ 28ستمبر (یواین آئی)ترنمول کانگریس کے جنرل سیکریٹری ابھیشیک بنرجی نے آج واضح کردیا ہے کہ وہ 3اکتوبر کو ای ڈی کے سمن پر پیش نہیں ہوں گے ۔دراصل 2اور 3اکتوبر کو ترنمول کانگریس کا دہلی میں احتجاجی پروگرام ہے اور ابھیشیک بنرجی اس کی قیادت کرنے والے ہیں ۔ای ڈی کے ذریعہ بنرجی کو 3اکتوبر کو سمن جاری کئے جانے پر ترنمول کانگریس نے انتقامی کارروائی اور ابھیشیک بنرجی کو خوف زدہ کرنے کی کوشش قرار دیا تھا۔اس سے قبل بھی ابھیشیک بنرجی کو ’’انڈیا‘‘ اتحاد کے کوآرڈی نیشن کمیٹی کی میٹنگ کے دن ہی ای ڈی نے طلب کیا تھا۔اس موقع پر ابھیشیک بنرجی نے میٹنگ میں شرکت کرنے کے بجائے ای ڈی کے سامنے پیش ہوئے تھے۔وہ واضح کرچکے ہیں کہ وہ جانچ میں ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہیں ۔اس لئے جب بھی ای ڈی نے انہیں طلب کیا ہے وہ پیش ہوئے ہیں ۔اس مرتبہ انہوں نے ای ڈی کے سامنے پیش ہونے کے بجائے پارٹی پروگرام میں شرکت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسی مہینے 13ستمبر کو ای ڈی نے ابھیشیک بنرجی سے طویل پوچھ تاچھ کرچکی ہے۔
ای ڈی کے سمن نوٹس موصول ہونے کے بعد، ابھیشیک بنرجی نے اپنے ایکس ہینڈل پر لکھا تھا کہ ترنمول کانگریس کا 3 اکتوبر کو دہلی میںمرکزی حکومت کے ذریعہ ریاستی حکومت کے فنڈ کو روکے جانے کے خلاف احتجاجی پروگرام ہے۔اس لئے وہ 2اور3اکتوبر کو اس میںمصروف ہیں ۔ممتا بنرجی بھی اس میں شرکت کرنے والی ہیں ۔مگر ای ڈی نے یہ جانتے ہوئے انہیں 3اکتوبر کو ہی طلب کیا ہے۔
ابھیشیک بنرجی آج بھی ایکس ہینڈل پر اس کے بارے میں ٹوئیٹ کیاکہ مغربی بنگال کو جس طرح سے محروم کیا جا رہا ہے،بنگال کے حصے کی رقم جاری نہیں کی جارہی تھی ۔اس کی وجہ سے بنگال کے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ہم نے بنگال کے عوام کی لڑائی کو دہلی تک پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس لئے اس راہ میں آنے والی کسی بھی روکاوٹ کو ہم خاطر میں نہیں لائیں گے ۔دنیا کی کوئی طاقت نہیں ہے جو مجھے مغربی بنگال کے عوام کے حقوق کی لڑائی میں شامل ہونے سے روک سکتی ہے۔ میں 2 اور 3 اکتوبر کو دہلی میں احتجاجی پروگرام میں شامل ہوں گا۔ اگر تم روک سکتے ہو تو اسے روک دو!
اس سے پہلے ابھیشیک کو نوجوا یاترا کے دوران بھی طلب کیا گیا تھا۔ انہوںنے یاترا کے دوران ہی جانچ ایجنسی کا سامنا کیا تھا ۔

About awazebihar

Check Also

خوشامد اور ذات پات کی سیاست کے دن ختم ہو چکے : شاہ

  نئی دہلی 03 دسمبر (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *