زیر التوا کاموں کو ترجیحی بنیاد پر مقررہ وقت میں مکمل کریں، اسکیموں کے نفاذ میں لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی: وزیر اعلیٰ
Awaz E Bihar
••2 ویوز•4 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 27 اکتوبر (اے بی این): وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری نے ریاست میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے اور عوامی فلاح و بہبود کی اسکیموں کا فائدہ سماج کے آخری فرد تک پہنچانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور زیر التوا کاموں میں غیر ضروری تاخیر نہ ہونے دی جائے۔ انہوں نے افسران کو ترقیاتی کاموں کی باقاعدہ نگرانی کرنے، مستحقین کو اسکیموں کا فائدہ بروقت فراہم کرنے اور نفاذ میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیاد پر دور کرنے کی ہدایت دی۔وزیراعلیٰ منگل کو لوک سیوک آواس واقع ’سنکلپ‘ آڈیٹوریم میں ’بہار گتی‘ کے تحت 100 کروڑ روپے سے زائد لاگت والے ریاستی ترقیاتی منصوبوں اور مرکزی حکومت کی مختلف اسکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لے رہے تھے۔ اجلاس میں انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو منصوبوں پر عمل درآمد میں تیزی لانے اور مقررہ اہداف کو وقت پر پورا کرنے کی ہدایت دی۔ سمراٹ چودھری نے پٹنہ کے راجندر نگر میں واقع ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام سائنس سٹی میں مختلف گیلریوں کے نمائشی ماڈلز کی تعمیر کا کام 2028 تک مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد ریاست میں سائنسی شعور، جدت طرازی اور سائنسی تعلیم کو فروغ دینا ہے۔وزیراعلیٰ نے قومی شاہراہ این ایچ 119 ڈی کے تحت آمس-دربھنگہ شاہراہ کے پیکیج-1 میں 55 کلومیٹر طویل آمس-شیورام پور سیکشن کا جائزہ لیتے ہوئے اسے 2027 تک مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے بہار میں آبی ذخائر کی بحالی اور گاد کے انتظام سے متعلق پالیسی کے تحت نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) کے ساتھ ضروری معاہدے کی کارروائی آگے بڑھانے پر بھی زور دیا۔ اجلاس میں پردھان منتری آواس یوجنا (دیہی) کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے مکانات کی فراہمی کے لیے سروے کا عمل تیز کرنے کی ہدایت دی، تاکہ موصولہ اعتراضات کا فوری اور شفاف طریقے سے ازالہ کیا جا سکے اور اہل خاندانوں کو وقت پر اسکیم کا فائدہ ملے۔انہوں نے اس اسکیم کے تحت 12 لاکھ مکانات کی تعمیر کا ہدف جلد مکمل کرنے اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو ترجیحی فہرست میں شامل رکھنے کی ہدایت بھی دی۔پردھان منتری جن جاتی آدیواسی نیائے مہا ابھیان کا جائزہ لیتے ہوئے خاص طور پر کمزور قبائلی گروہوں کے اہل خاندانوں کو پکے مکانات فراہم کرانے پر زور دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ افسران کو خصوصی مہم چلانے کی ہدایت دی، تاکہ قبائلی خاندانوں کو اسکیم کے فوائد سے محروم نہ رہنا پڑے۔ وزیراعلیٰ نے واس استھل کریہ سہایتا یوجنا کے تحت مکانات کی تعمیر کے لیے اہل مستحقین کو زمین فراہم کرنے کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے اضلاع کے انچارج سکریٹریوں کو ہدایت دی کہ سرکاری زمین کی دستیابی کا حلقہ وار جائزہ لیا جائے اور مستحقین کو امداد فراہم کرنے میں پیش آنے والی مشکلات دور کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔وزیراعلیٰ دیہی آواس یوجنا کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے متعلقہ افسران کو اسکیم کے نفاذ کی مسلسل نگرانی کرنے اور مقررہ ضابطوں کے مطابق اہل خاندانوں تک فوائد پہنچانے کی ہدایت دی۔ سمراٹ چودھری نے کہا کہ ریاستی حکومت ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے اور عوامی فلاح و بہبود کی اسکیموں کا فائدہ سماج کے آخری صف میں کھڑے شخص تک پہنچانے کے لیے پُرعزم ہے۔ افسران کو چاہیے کہ وہ منصوبوں اور اسکیموں کی باقاعدگی سے نگرانی کریں، زیر التوا کاموں کو ترجیحی بنیاد پر مکمل کرائیں اور عمل درآمد میں کسی بھی قسم کی غیر ضروری تاخیر نہ ہونے دیں۔اجلاس میں چیف سکریٹری پرتیہ امرت، ڈیولپمنٹ کمشنر میہیر کمار سنگھ، دیہی ترقیات محکمہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ایچ آر سری نواسن، محکمہ تعمیراتِ سڑک کے سکریٹری پنکج کمار پال، وزیراعلیٰ کے سکریٹری لوکیش کمار سنگھ اور سنجے کمار سنگھ، محکمہ تعمیراتِ عمارت کے سکریٹری پرنو کمار، محکمہ سائنس، ٹیکنالوجی اور تکنیکی تعلیم کے سکریٹری ہمانشو شرما سمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے۔