کام کی جگہ خواتین کے تحفظ و وقار کے لیے بہار حکومت سرگرم
Awaz E Bihar
••0 ویوز•3 منٹ پڑھیں
جنسی ہراسانی کی شکایات کے مؤثر ازالے پر تین روزہ تربیت کا انعقاد ‘ پوش ایکٹ کے مؤثر نفاذ اور شکایات کے منصفانہ ازالے پر زور
پٹنہ، 27 اکتوبر:(اے بی این ) کام کی جگہ پر خواتین کی حفاظت، وقار اور احترام کو یقینی بنانے اور جنسی ہراسانی سے متعلق شکایات کے مؤثر ازالے کے نظام کو مضبوط بنانے کے مقصد سے ویمن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن، بہار کی جانب سے داخلی کمیٹی (انٹرنل کمیٹی) کے اراکین کے لیے تین روزہ جدید تربیتی پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے۔ یہ پروگرام 27، 28 اور 29 اکتوبر 2026 کو ہوٹل چانکیہ، پٹنہ میں تین الگ الگ بیچوں میں منعقد ہو رہا ہے۔ اس دوران شرکاء کو قانونی دفعات کے ساتھ شکایات کی جانچ اور ان کے منصفانہ ازالے کے عملی طریقوں سے بھی واقف کرایا جا رہا ہے۔’’داخلی کمیٹی کی مؤثریت کو مضبوط بنانا: قانونی پابندی سے شکایات کے مؤثر ازالے تک‘‘ کے موضوع پر منعقد اس پروگرام کا مقصد کام کی جگہ پر خواتین کو جنسی ہراسانی سے تحفظ فراہم کرنے سے متعلق قانون، 2013 (POSH Act, 2013) کا مؤثر نفاذ اور داخلی کمیٹیوں کی کارکردگی و تکنیکی صلاحیت کو بہتر بنانا ہے۔پروگرام میں پدم شری سدھا ورگیز نے خصوصی مہمان اور خارجی رکن (ایکسٹرنل ممبر) کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر ویمن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی پوش نوڈل افسر اور ریاستی پروجیکٹ منیجر انکیتا کشیپ نیز تربیت و صلاحیت سازی کے منیجر دشمی رنجن بھی موجود رہے۔اس تربیتی پروگرام میں سینٹر فار کیٹالائزنگ چینج (C3) نے بھی تعاون کیا۔ ادارے کی جانب سے محترمہ گنجن بہاری نے تربیتی اجلاسوں میں موضوع سے متعلق اپنی مہارت اور رہنمائی فراہم کی۔ پروگرام میں ریاستی حکومت کے مختلف محکموں کے نمائندے بھی حصہ لے رہے ہیں۔ آئندہ تربیتی اجلاسوں میں بھی مختلف محکموں کے نمائندوں کی شرکت جاری رہے گی، تاکہ سرکاری اداروں میں پوش ایکٹ کے نفاذ اور شکایات کے ازالے کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔تربیت کے دوران شرکاء کو پوش ایکٹ کی اہم دفعات، داخلی کمیٹی کے کردار اور ذمہ داریوں، شکایات کی جانچ کے طریقۂ کار، شواہد کے جائزے، غیر جانب دارانہ سماعت اور تحقیقاتی رپورٹ تیار کرنے کے اہم پہلوؤں کی تکنیکی معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ کیس اسٹڈی اور عملی مشقوں کے ذریعے شکایات کے منصفانہ، حساس اور مقررہ وقت میں ازالے کے طریقۂ کار کو مؤثر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔اس تربیتی پروگرام کا بنیادی مقصد داخلی کمیٹیوں کے اراکین کو محض قانونی ضوابط کی تکمیل تک محدود رکھنے کے بجائے شکایات کے مؤثر ازالے کے لیے عملی طور پر اہل بنانا ہے۔ اس سے اداروں میں جواب دہی بڑھانے، شکایت کنندگان کی رازداری برقرار رکھنے اور خواتین کے لیے محفوظ، جامع اور باوقار ماحول فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ویمن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن، بہار خواتین کے حقوق کے تحفظ، صنفی مساوات کے فروغ اور کام کی جگہوں پر محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے لیے بیداری، تربیت اور صلاحیت سازی کے شعبوں میں مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ یہ تربیتی پروگرام اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، جس کا مقصد ادارہ جاتی سطح پر شکایات کے ازالے کے نظام کو زیادہ مؤثر، حساس اور جواب دہ بنانا ہے۔