بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے تعلیمی کیلنڈر 27-2026 کی شاندار رسمِ اجرا
Awaz E Bihar••2 ویوز•2 منٹ پڑھیں
پٹنہ :دلشاد مستقیم ،ناظمِ امتحانات نے اطلاع دی ہے کہ جناب سلیم پرویز چیئرمین بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ اور سکریٹری جناب عبدالسلام انصاری نے مشترکہ طور پر مدرسہ کے اکیڈمک کیلنڈر 2027 اور تعطیل پر مشتمل کیلنڈر۔2026 کا اجراء کیا۔اس موقع پر بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے معزز اراکین جناب ڈاکٹر خالد انور (ایم ایل سی )معروف تعلیمی شخصیت جناب نظام الدین اور سرگرم رکن جناب شبیر احمدموجود تھے۔ رسمِ اجرا کے موقع پر چیئرمین جناب سلیم پرویز صاحب نے کہا کہ تعلیمی کیلنڈر مدارسِ ملحقہ کے لیے رہنما دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے، جو تدریسی سرگرمیوں، امتحانی نظام اور تعلیمی نظم و ضبط کو مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔سکریٹری جناب عبدالسلام انصاری صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ مدارس کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے، شفافیت کو فروغ دینے اور نظام کو وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے اور تعلیمی کیلنڈر اسی سلسلے کی ایک مؤثر کوشش ہے۔ جناب سلیم پرویز ،چیئر مین مدرسہ بورڈ نے مزید کہا کہ مدارس کے ذمہ داران عزم کریںکہ بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ دینی و عصری تعلیم کے حسین امتزاج کے ساتھ مدارس کی تعلیمی رہنمائی کا مشن پوری دیانت داری سے انجام دیں۔ دلشاد مستقیم ،ناظمِ امتحانات نے امید ظاہر کی کہ مدارسِ ملحقہ اس تعلیمی کیلنڈر پر مکمل طور پر عمل کرتے ہوئے طلبا وطالبات کی تعلیمی و اخلاقی ترقی میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔ ساتھ ہی تمام ملحقہ مدارس کے صدرالمدرسین ومنتظمین کو ہدایت دی ہے کہ کیلنڈر میں دیئے گئے ایام کے مطابق ہی مدرسہ میں تعطیل کا نظم کرتے ہوئے درس و تدریس کے فرائض انجام دیں۔