ریاست کے سابق فوجیوں کے بینوولنٹ فنڈ میں حصہ لیں: نتیش کمار
Awaz E Bihar••0 ویوز•2 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 7 دسمبر (یواین آئی) بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اتوار کو مسلح افواج کے فلیگ ڈے کے موقع پر ریاست کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بہادر فوجیوں کی فلاح و بہبود اور ان کی باز آباد کاری کے لئے بہار اسٹیٹ ایکس سروس مین بینیوولینٹ فنڈ میں تعاون کریں۔مسلح افواج کے فلیگ ڈے کے موقع پر ڈائریکٹوریٹ آف سوِل سولجر ویلفیئر کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر مرگیندر کمار نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ایک آنے مارگ میں ملاقات کر کے انہیں مسلح افواج کے فلیگ ڈے کا فلیگ لگایا۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اس موقع پر بہار اسٹیٹ ایکس سروس مین بینیوولینٹ فنڈ میں تعاون پیش کیا اور ملک کے بہادر فوجیوں کے تئیں عقیدت و احترام کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قربانیاں اَمر ہیں۔ وہ اپنی جان کی قیمت پر ملک پر آنے والے بیرونی اور اندرونی خطرات کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہیں۔ان بہادر فوجیوں کی فلاح و بہبود اور باز آباد کاری کے لئے انہوں نے ریاست کے عوام سے ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ بہار اسٹیٹ ایکس سروس مین بینیوولینٹ فنڈ میں بڑھ چڑھ کر تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعاون بہادر فوجیوں کے تئیں ہمارا اظہار تشکر ہوگا۔اس موقع پر آبی وسائل و پارلیمانی امور کے وزیر وجے کمار چودھری، محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اروند کمار چودھری، محکمہ داخلہ کے سکریٹری پرنو کمار، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری ڈاکٹر چندرشیکھر سنگھ، ڈائریکٹر بریگیڈیئر مرگیندر کمار، کرنل سنتوش کمار ترپاٹھی، کرنل منوج کمار سمیت دیگر افسران موجود تھے۔