پٹنہ کتاب میلے میں امارت شرعیہ نے اپنا اسٹال لگایا
Awaz E Bihar••3 ویوز•1 منٹ پڑھیں
امیر شریعت مفکر ملت حضرت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی کی ہدایت پر ناظم امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ پھلواری شریف پٹنہ مولانا مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی کے حکم سےمکتبہ امارت شرعیہ کا بک اسٹال گاندھی میدان پٹنہ میں 5تا 16 دسمبر 2025ءلگایا گیا ہے۔ چنانچہ ناظم امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ مولانا ومفتی محمد سعید الرحمن قاسمی نے امارتِ شرعیہ کے بک اسٹال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اسٹال کی ترتیب، مطبوعات کے معیار اور قارئین کی ضرورتوں کے مطابق کتابوں کی دستیابی کا معائنہ کرتے ہوئے انہوں نے ذمہ داران کو کئی اہم ہدایتیں بھی دیں۔ ناظم صاحب نے اس موقع پر واضح کیا کہ امارتِ شرعیہ کے اس اسٹال کے قیام میں دعوتِ دین اور ختم نبوت کاپہلوبنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں رکھی گئی کتابیں محض علمی ذخیرہ نہیں بلکہ اصلاحِ معاشرہ، دینی رہنمائی اور خیر کے پیغام کی اشاعت کا مؤثر ذریعہ ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کتاب میلے میں آنے والے طلبہ، اساتذہ اور عوام الناس اس اسٹال سے مستفید ہوں گے اور امارتِ شرعیہ کی علمی خدمات کا قریب سے مشاہدہ کر سکیں گے۔