بہار میں 20 برس کے اقتدار کے بعد نتیش حکومت کو ملا مینڈیٹ ایک غیر معمولی کامیابی: سنجے جھا
Awaz E Bihar••1 ویوز•4 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 06 دسمبر (اے بی این)۔ جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے قومی کارگزار صدر اور راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ سنجے کمار جھا نے سنیچر کو کہا کہ بہار میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں نتیش حکومت کو 20 برس کے طویل اقتدار کے بعد ملا مینڈیٹ تاریخی اور غیر معمولی کامیابی ہے۔ مسٹر جھا نے جے ڈی یوکے ریاستی دفتر میں منعقدہ پارٹی کارکنان کے اعزازی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم نے جس باریکی اور عزم کے ساتھ بوتھ سطح پر کام کیا، اسی کا نتیجہ ہے کہ جے ڈی یونے 2010 کے اسٹرائیک ریٹ کو بھی پیچھے چھوڑتے ہوئے جیت کی نئی تاریخ رقم کر دی۔ انہوں نے کہا کہ خراب موسم میں ہیلی کاپٹر نہ اڑ پانے کی صورت میں بھی وزیراعلیٰ نتیش کمار نے بلا جھجک روڈ شو کیا اور 11 مقامات پر رک کر این ڈی اے امیدواروں کے حق میں عوام سے حمایت اور آشیرواد طلب کیا، جو ان کی غیر معمولی کام کرنے کی توانائی اور مضبوط حوصلے کی مثال ہے۔ راجیہ سبھا رکن مسٹر جھا اور ریاستی صدر امیش سنگھ کشواہا نے آج صوبے کے مختلف علاقوں سے آئے پارٹی عہدیداران اور کارکنوں کوشال اوڑھاکر انہیں اعزاز بخشا اور سب کا دل سے استقبال کرتے ہوئے ان کی انتھک محنت، جدوجہد اور لگن کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل 20 برسوں تک وزیراعلیٰ نتیش کمار کے تئیں عوام کا یہ بے پناہ اعتماد اپنے آپ میں ایک غیر معمولی کامیابی ہے۔ اسی وجہ سے بین الاقوامی ادارے 'ورلڈ بک آف ریکارڈز نے بھی اس مینڈیٹ کو خصوصی طور پر سراہا ہے اور یہ 13 کروڑ بہار کے عوام کے لیے فخر کی بات ہے۔ مسٹر جھا نے کہا کہ اس وقت ریاست کے 38 میں سے 37 اضلاع میںجے ڈی یوکے ارکان اسمبلی موجود ہیں، جو عوامی حمایت کی گہرائی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے بہار میں ترقی کی مضبوط بنیاد ڈال دی ہے، اور آنے والے پانچ برسوں میں ریاست یقینی طور پر ملک کے ٹاپ ٹین ریاستوں کی فہرست میں شامل ہوگی۔ اس پروگرام میں جے ڈی یو کے ریاستی صدر مسٹر کشواہانے کہا کہ جن لوگوں نے جے ڈی یو کے سیاسی مستقبل پر سوال اٹھایا تھا، انہیں بہار کی عوام نے کرارا جواب دیا ہے۔ اس مینڈیٹ نے واضح کر دیا ہے کہ بہار کی سیاست میں وزیراعلیٰ مسٹر کمار اور جے ڈی یو کا کوئی متبادل آج بھی موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے ڈی یو کارکنان کے خون پسینے سے سیراب اور وزیراعلیٰ مسٹر کمار کے سنسکاروں میں ڈھلی ہوئی پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کمار کی قیادت میںجے ڈی یو کا ہر کارکن اس تاریخی جیت کا حقیقی معمار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزازی تقریب ان تمام ساتھیوں کے نام وقف ہے جنہوں نے مضبوط عزم، قوت ارادی ، انتھک محنت اور غیرمتزلزل لگن کے بل پر اس تاریخی فتح کو ممکن بنایا ہے۔ مسٹر جھا نے بوتھ سطح پر کام کر رہے کارکنوں کی انمول خدمات کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گلہری جیسی کوششوں نے اس کامیابی کی مضبوط بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے ڈی یوکی اعلیٰ قیادت لاکھوں وقف کارکنوں کے تئیں دل سے شکریہ ادا کرتی ہے۔ تقریب کے دوران پارٹی ہیڈکوارٹر سے تنظیمی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرنے والے صوبائی جنرل سیکریٹری اور ہیڈکوارٹر انچارج اسٹبلشمنٹ چندن کمار سنگھ، پروفیسر نوین آریہ چندرونشی، ہیڈکوارٹر انچارج انل کمار، ڈاکٹر امردیپ، پرم ہنس کمار اور ہیڈکوارٹر انچارج (آئی ٹی) منیش کمار اور واسو دیوکشواہا کو بھی شال پیش کر کے عزت افزائی کی گئی۔ اس تقریب میں بہار حکومت کے وزیر و سابق وزیر مہیشورہزاری، وزیر سنیل کمار، قانون ساز کونسل میں حکمران جماعت کے چیف وہپ سنجے کمار سنگھ عرف گاندھی جی، قانون ساز کونسل کے رکن اور چیف ترجمان نیرج کمار، سابق رکن پارلیمنٹ اور انتہائی پسماندہ سیل کے صوبائی صدر چندیشور پرساد چندر ونشی، قومی ترجمان راجیو رنجن پرساد سمیت پارٹی کے کئی رہنما موجود تھے۔