نتیش کمار نے کیسریا بدھ استوپ کومحفوظ رکھنے کی ہدایت دی
Awaz E Bihar••0 ویوز•2 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 11 دسمبر (اے بی این) وزیر اعلیٰ نیتیش کمار نے جمعرات کے روز افسران کو ہدایت دی کہ وہ مشرقی چمپارن ضلع میں واقع کیسریا بدھ استوپ کی حفاظت کریں اور وہاں تعمیر ہونے والے ٹورسٹ سہولت مرکز کو جلد مکمل کریں۔ وزیر اعلیٰ کمار نے آج مشرقی چمپارن ضلع کے کیسریا میں زیر تعمیر سیاحتی سہولت مرکز کا معائنہ کیا۔انہوں نے عہدیداروں سے یہاں تعمیر ہونے والے آڈیٹوریم اور سیاحتی سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ کیسریا بدھ استوپ دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں سیاح آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی تعمیر سے سیاحوں کو سہولت ملے گی اور وہ بدھ مت کی مختلف جہتوں اور بہار کی شاندار تاریخ کو جان سکیں گے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ اس سیاحتی سہولت مرکز کی تعمیر جلد از جلد مکمل کی جائے۔قابل ذکر ہے کہ زیر تعمیر سیاحتی سہولت مرکز میں 5ڈی تھیٹر بنایا جا رہا ہے، جہاں 48 افراد کے بیٹھنے کی سہولت ہوگی۔ یہاں اہم بدھ تعلیمات سے متعلق فریم دکھائے جائیں گے۔ یہ لوگوں کے لیے ایک تعارفی علاقے کے طور پر کام کرے گا۔ یہاں بہار پیویلین بنایا جائے گا، جہاں بہار کی تاریخی وراثت سے متعلق فریم دکھائے جائیں گے۔ ریاست کی ثقافتی اہمیت کو ظاہر کرنے والا تعلیمی ڈسپلے بھی بنایا جائے گا۔ یہاں 90 سے زائد مجسمے خصوصی باکس نما ڈھانچوں میں نصب کیے جائیں گے اور کھلے میدانوں میں فنکارانہ مجسمے آویزاں کیے جائیں گے۔ بہار کی مختلف تاریخی بدھ یادگاروں کی آٹھ نقلیں بھی رکھی جائیں گی، جو کمپلیکس کے چاروں کونوں پر واقع ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے اس کے بعد کیسریا بدھ استوپ کے احاطے کا دورہ کیا اور وہاں موجود سیاحتی سہولیات کی معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کیسریہ بدھ استوپ کو محفوظ رکھنے اور اسے ترقی دینے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ اس احاطے کو محفوظ رکھیں، اس کی دیکھ بھال اور ترقی کے لیے کام کریں۔ ساتھ ہی سیاحتی سہولیات کا بھی خیال رکھیں۔