مولانا منت اللہ رحمانی پارا میڈیکل کے طلبہ و طالبات سے مفتی محمد انظار عالم قاسمی صدر قاضی شریعت کا خطاب پٹنہ () امارت شرعیہ بہار ، اڈیشہ و جھارکھند نے مسلم نوجوانوں کی دینی و اخلاقی تر بیت کے ساتھ عصری تعلیم سے آراستہ کرنے اور انہیں اپنے پیروں پر کھڑے ہونےکے لئے مولانا منت اللہ رحمانی ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ آئی ٹی آئی اور پارا میڈیکل جیسے تعلیمی ادارے قائم کئے۔ جس سے اب تک سینکڑوں بچے تعلیم حاصل کر کے بر سر روزگار ہیںاور ترقی کے مراحل طے کر رہے ہیں۔ حالیہ دنوں میں بی پی سی اور بی ایم ایل تی سیشن 25-21 کے طلبہ کا آخری پریکٹیکل وائیوا امتحان ہوا اس کے علاوہ 25-2024 کے تمام سیکشن کے طلبہ کا انٹرنل امتحان لیا گیا امتحان گاہ میں کاپی جمع ہو نے کے بعد امارت ایجو کیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری مولانا مفتی محمد انظار عالم قاسمی صدر قاضی شریعت مرکزی و ذیلی دار القضاء امارت شرعیہ نے طلبہ و طالبات سے ملاقات کی اور ان کا تعلیمی جائزہ بھی لیا ان کے ہمراہ جناب ڈاکٹر سید یاسر حبیب صاحب کار گزار جنرل سکریٹری مولانا سجاد میموریل اسپتال ، جناب ڈاکٹر نثار احمد صاحب کار گزار سکریٹری و انچارج پارا میڈیکل ، جناب فضیل احمد صاحب پرنسپل، ڈاکٹر تقی امام چائلڈ اسپیشلسٹ، جمال احمد عرف ننہو کے علاوہ مرکزی دفتر کے ذمہ داروں میں مولانا رضوان احمد ندوی معان ناظم امارت شرعیہ ، مولانا ابو الکلام شمسی معاون نانظم امارت شرعیہ ،مولانا محمد صابر حسین شریک رہے ۔ اس موقع پر ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری مولانا مفتی محمد انظار عالم قاسمی نے بچے اور بچیوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ٹرسٹ کے سر پرست اور امیر شریعت بہار اڈیشہ و جھارکھنڈ حضرت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی مدظلہ ان اداروں کے تعلیمی نظام کو بلند کر نے اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کر نے کیلئے نت نئے لائحہ عمل تیار کرتے رہتے ہیں۔ آپ لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ آپ ادارہ کے ضابطہ کے مطابق اچھے ماحول میں معیاری تعلیم حاصل کر یں اور ادارہ کا نام مزید روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ یاد رکھئے کہ محنت و لگن کامیابی کا زینہ ہے آپ اس میدان میں جس قدر محنت کریں گے آپ کیلئے کامیابی اور ترقی کے دروازے کھلتے جائیں گے۔ مولانا رضوان احمد ندوی نے طلبہ و طالبات کے درمیان امارت شرعیہ کی دینی و ملی خدمات کی مختصر تعارف کرایا اسکی کار گزاری بیان کی اور اسکی ترقی و استحکام کیلئے دعا کر نے کی طرف توجہ دلائی۔مولانا ابو الکلام شمسی ، ڈاکٹر نثار احمد ، ڈاکٹر یاسر حبیب ، ڈاکٹر محمد تقی امام نے بھی قیمتی نصیحتیں کیں اور ان بچوں کے کامیاب روشن مسقبل کے لئے دعائیں کیں۔