کولکاتا: دُرگا پوجا کی خوشیاں ماتم میں تبدیل، پنڈال گرنے سے مچی بھگدڑ میں 17 لوگوں کی موت، تقریباً 40 افراد زخمی
Awaz E Bihar
••1 ویوز•4 منٹ پڑھیں
کولکاتا : درگا پوجا کی خوشیوں کے درمیان مغربی بنگال میں سپتمی کی شام ایک دردناک حادثہ پیش آیا، جس میں کم از کم 17 لوگوں کی موت ہو گئی۔ شمالی کولکاتا کے ایک پوجا پنڈال کا چھوٹا سا حصہ بھیڑ کے دباؤ کے باعث ٹوٹ گیا، جس کے بعد بھگدڑ جیسی صورت حال پیدا ہو گئی۔ اس حادثہ میں 17 افراد کی ہلاکت کے علاوہ تقریباً 40 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ بنگالی نیوز پورٹل ’آنند بازار پتریکا‘ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مہلوکین میں 3 مرد، ایک بچہ اور 13 خواتین شامل ہیں۔ اس حادثہ کے بعد تمام متاثرہ افراد کو باہر نکال کر کلکتہ میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور آفات سے نمٹنے والے محکموں کے افسران موقع پر پہنچ گئے۔ پوجا کے منتظمین بھی صورت حال پر قابو پانے کے لیے فوری طور پر راحتی کاموں میں مصروف ہو گئے۔ حادثہ کی خبر ملنے کے بعد وزیر اعلیٰ سویندو ادھیکاری اور چیف سکریٹری منوج اگروال کلکتہ میڈیکل کالج پہنچ چکے ہیں۔ کولکاتا پولیس کے مطابق بارش کے دوران شدید بھیڑ کے باعث چور باغان کے شاردا پارک پوجا پنڈال کے خارجی دروازے پر بھگدڑ کا واقعہ پیش آیا۔ یہ حادثہ 17 اکتوبر کو شام تقریباً 7.40 بجے گریش پارک تھانہ علاقہ میں پیش آیا۔ حادثہ کے بعد تمام زخمیوں کو وہاں سے نکال کر میڈیکل کالج اسپتال (ایم سی ایچ) پہنچایا گیا۔ پولیس کے مطابق کنٹرول روم، فائر بریگیڈ، کولکاتا پولیس اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ گروپ (ڈی ایم جی) کی ٹیموں کو موقع پر بھیجا گیا۔ ایمبولینسوں کے ساتھ طبی ٹیم بھی روانہ کی گئی۔ فی الحال پوجا پنڈال کو عقیدت مندوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کی ہدایت پر قریب میں موجود ’تالا پرتوئے پنڈال‘ کو بھی فی الحال بند کر دیا گیا ہے، جبکہ ’چیتلا اگرنی پنڈال‘ ایک گھنٹے کے لیے بند کیا گیا۔ حادثہ کے بارے میں ایک عینی شاہد نے بتایا کہ بھگدڑ کے دوران کئی افراد بیہوش ہو گئے تھے۔ کچھ لوگوں کو موٹر سائیکلوں پر بٹھا کر وہاں سے لے جایا گیا۔ عینی شاہد کے مطابق اس نے آس پاس کئی لوگوں کو بیہوش ہوتے اور انہیں موٹر سائیکلوں کے ذریعہ لے جاتے ہوئے دیکھا۔ ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 4-3 دنوں سے یہاں بڑی تعداد میں لوگ دَرشن کے لیے پہنچ رہے تھے۔ پنڈال کی مقبولیت کے سبب وہاں لگاتار بھیڑ جمع ہو رہی تھی۔ حادثہ کے وقت پنڈال کے قریب کافی لوگ موجود تھے، اچانک بارش کی وجہ سے باہر کھڑے لوگ بھیگنے سے بچنے کے لیے پنڈال کے اندر پہنچنے لگے۔ اس وجہ سے پنڈال پر دباؤ بڑھ گیا اور اس کا ایک حصہ منہدم ہو گیا۔ اس واقعہ کے سبب بھگدڑ جیسی صورت پیدا ہو گئی جس میں کچھ لوگ دب گئے۔ اس بھگدڑ واقعہ پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’ابھی ابھی کولکاتا کے چور باغان درگا پوجا پنڈال میں ہوئی بھگدڑ کی انتہائی تکلیف دہ خبر ملی۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سویندو ادھیکاری سے بات چیت کی۔ ‘‘ ساتھ ہی انھوں نے لکھا کہ ’’اس حادثہ میں ہلاک ہونے والے عقیدت مندوں کی روح کو سکون ملنے کے لیے دعا کرتا ہوں اور اہل خانہ کے تئیں ہمدردی ظاہر کرتا ہوں۔‘‘ اس حادثہ پر مغربی بنگال کی سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی شدید غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی خبر سے وہ انتہائی صدمے اور افسوس میں ہیں۔ ممتا بنرجی نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی تمنا ظاہر کی اور اس مشکل وقت میں متاثرہ خاندانوں کو ہمت و حوصلہ دینے کے لیے ماں دُرگا سے دعا کی۔