بہار میں سردی کی لہر جاری، ٹھنڈی ہوائیں اور گھنے کہرے سے عام زندگی متاثر
Awaz E Bihar••0 ویوز•2 منٹ پڑھیں
پٹنہ، شمالی ہندوستان میں سرگرم مغربی ڈسٹربنس اور پہاڑی علاقوں میں مسلسل برف باری کے اثرات اب بہار میں واضح طور پر نظر آرہے ہیں۔ برفیلی ہوائیں براہ راست میدانی علاقوں کی طرف بڑھ رہی ہیں، جس سے ریاست کے کئی اضلاع میں سردی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے میں بہار کے کئی علاقوں میں 20 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ دھوپ کے باوجود لوگ سردی محسوس کریں گے۔ محکمہ موسمیات نے جمعرات کے لیے بہار کے لیے اورنج کولڈ ڈے الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ آئندہ تین سے چار روز تک سردی سے راحت ملنے کی کوئی امید نہیں۔ خاص طورپر کھلے میدانوں، کھیتوں اور شاہراہوں کے آپس پاس سردی کا اثر شہروں کے مقابلے میں قدرے زیادہ ہوگا۔ دھند کا اثر دارالحکومت پٹنہ میں سب سے زیادہ دیکھا گیا۔ جمعرات کی صبح حد نگاہ صرف 50 میٹر رہ گئی جس کی وجہ سے سڑکوں پر گاڑیاں رینگتی ہوئی نظر آئیں۔ کئی علاقوں میں اوس اتنی گھنی تھی کہ سڑکوں پر بارش کا احساس ہوا۔ گھنی دھند کے باعث فضائی خدمات اور ٹرین آپریشن بھی متاثر ہوا ہے۔ درجہ حرارت کے لحاظ سے بھاگلپور ریاست کا سب سے ٹھنڈا ضلع رہا، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 4.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ گیا، چھپرا، شیخ پورہ اور کشن گنج میں پارہ سات ڈگری سیلسیس تک گر گیا۔ وہیں دارالحکومت پٹنہ کا کم سے کم درجہ حرارت 9.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بڑھتی ہوئی سردی اور سردی کی لہر کے پیش نظر ڈاکٹروں نے بزرگوں، بچوں اور سانس کے مسائل میں مبتلا افراد کو گھروں کے اندر ہی رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ نیز باہر نکلتے وقت اپنے کان، سینے اور جسم کو مکمل طور پر ڈھک کر رکھنے کی اپیل کی ہے۔