مظفر پور جیسے دل دہلانے والے واقعات کو روکنے کیلئے حکومت مائیکر و فنانس کمپنیوں پرلگام لگائے : راجیش رام
Awaz E Bihar••1 ویوز•2 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 17 دسمبر (اے بی این) بہارریاستی کانگریس کے صدر راجیش رام نے مظفرپور ضلع کے سکرا بلاک کے تحت نولپور مشرولیا گاؤں میں امرجیت پاسوان اور ان کی تین معصوم بچیوں کی موت کو ریاستی حکومت کی ناکامی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ایسے حادثات کو روکنے کے لئے حکومت جلد ہی مائیکرو فنانس کمپنیوں پر لگام لگائے۔ مسٹررام نے صداقت آشرم واقع ریاستی کانگریس ہیڈکوارٹر میں بدھ کو منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ بھوک، قرض اور تنگی سے پریشان ایک باپ نے اپنی تین بچیوں کے ساتھ خودکشی کر لی، جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ ریاست میں غریبوں کے لئے تحفظ اور انصاف دونوں دستیاب نہیں ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ مائیکرو فنانس کمپنیوں اور بینکوں کی غیر انسانی لون وصولی نے غریبوں اور پسماندہ طبقے کے لوگوں کا جینا مشکل کر دیا ہے۔ حکومت اس پر کنٹرول لگانے میں پوری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ مائیکرو فنانس کمپنیوں اور بینکوں کی منمانی کے خلاف بہار کانگریس ریاست گیر عوامی تحریک چلائے گی اور سخت قانون بنانے کے مطالبے کے ساتھ سڑک سے ایوان تک جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ صرف ایک کنبہ کا المیہ نہیں ہے بلکہ اس کے باعث آس پاس کے کئی گاوں کے لوگ قرض کے دباو¿ میں اپنا گھر بار چھوڑ کر نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ریاست میں قانون نام کی کوئی چیز باقی ہے، جہاں غریب اور مجبور انصاف کی امید چھوڑ کر موت کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ جائے وقوع کا جائزہ لے کر لوٹنے کے بعد راجیش رام نے متاثرہ خاندان کا عینی مشاہدہ میڈیا کے سامنے رکھا اور ملزم مائیکرو فنانس بینک کو شناخت کر کے اس کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے فوری طور پر متاثرہ خاندان کو مناسب معاوضہ دینے، زندہ بچوں کی تعلیم اور پرورش کی پوری ذمہ داری اٹھانے اور مائیکرو فنانس کمپنیوں کے قرض اور ان کی کارروائی کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔ پریس کانفرنس میں میڈیا شعبہ کے سربراہ راجیش راٹھور، ترجمان ڈاکٹر سنیہاشیش وردھن، سوشل میڈیا محکمہ کے چیئرمین سوربھ سنہا اور لیگل سیل کے صدر سنجے پانڈے بھی موجود تھے۔