حکومت کی فلاحی اسکیموں کی معلومات عوام تک پہنچنا ضروری: انیل کمار
Awaz E Bihar••0 ویوز•2 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 15 دسمبر (اے بی این) محکمۂ اطلاعات و تعلقات عامہ (آئی پی آر ڈی)، پٹنہ کے ڈائریکٹر انیل کمار نے پیر کو کہا کہ حکومت کی فلاحی اسکیموں کی معلومات عوام تک پہنچنا نہایت ضروری ہے۔ مسٹر کمار نے آج آئی پی آر ڈی، پٹنہ کے ڈائریکٹر کے طور پر عہدے کا چارج سنبھالا۔ عہدہ سنبھالنے کے بعد ڈائریکٹر انیل کمار نے محکمہ کے افسران اور ملازمین سے ملاقات کر کے کام کاج کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور تمام شاخوں کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح حکومت کی مختلف فلاحی اسکیموں کی معلومات کو گھر گھر تک پہنچانا ہوگی۔ بالخصوص دور دراز دیہی علاقوں اور گاؤں میں رہنے والے لوگوں تک ان اسکیموں کا فائدہ پہنچے اس کے لیے محکمہ ہر ممکن کوشش کرے گا۔ مسٹر کمار نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے، تعلیم، صحت، زراعت یا غربت کے خاتمے سے متعلق حکومت کی اسکیموں کی درست معلومات عوام تک پہنچنا ضروری ہیں ۔ محکمہ ڈیجیٹل میڈیا، روایتی ذرائع اور زمینی سطح کی مہمات کے ذریعے اس بات کو یقینی بنائے گا تاکہ کوئی بھی اہل فرد اسکیموں کے فوائد سے محروم نہ رہ جائے۔ اس موقع پر محکمہ کے ایڈیشنل سیکریٹری راجیو کمار سنگھ، ودھو بھوشن چودھری، جوائنٹ ڈائریکٹر روی بھوشن سہائے اور خصوصی ایگزیکٹیو افسر کمارل ستیہ نند سمیت محکمہ کے دیگر افسران موجود تھے۔ قابل ذکر ہے کہ انیل کمار اس سے قبل ارریہ کے ضلع مجسٹریٹ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔