نتیش کمار نے پٹنہ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال کے زیر تعمیر کاموں کا معائنہ کیا
Awaz E Bihar••0 ویوز•3 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 4 فروری (یواین آئی) بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بدھ کو افسران کو ہدایت دی کہ پٹنہ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال (پی ایم سی ایچ) کے ری ڈیولپمنٹ اور زیرِ تعمیر کاموں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ مسٹر کمار نے آج پٹنہ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال کے ری ڈیولپمنٹ اور جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران انہوں نے نو تعمیر ایمرجنسی بلڈنگ (فیز-1) کے پہلے فلور پر واقع ریڈیالوجی شعبہ میں فراہم کی گئی طبی سہولیات اور دیگر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ معائنے کے موقع پر افسران نے وزیر اعلیٰ مسٹر کمار کو بتایا کہ ریڈیالوجی شعبہ میں عالمی معیار کے سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی مشینوں کے علاوہ تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ نو تعمیر ایمرجنسی بلڈنگ کے پانچویں فلور پر پہنچ کر وزیر اعلیٰ مسٹر کمار نے شعبہ¿ اطفال میں فراہم کی گئی طبی سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے نیونیٹکل انٹینسیو کیئر یونٹ وارڈ، نرس اسٹیشن، صاف اور میلے کپڑوں کے اسٹور روم وغیرہ کا جائزہ لیا۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ مسٹر کمار نے اسپتال احاطے میں جاری ری ڈیولپمنٹ اور تعمیراتی کاموں کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے افسران سے پٹنہ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال کے ری ڈیولپمنٹ اور زیر تعمیر منصوبوں کی پیش رفت اور موجودہ صورتحال کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ افسران نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ ری ڈیولپمنٹ منصوبے کے تحت پی ایم سی ایچ کو 5462 بستروں کی گنجائش تک توسیع دی جا رہی ہے اور کام تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہا ہے، جہاں مریضوں کے لیے عالمی معیار کی طبی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ مسٹر کمار نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کاموں میں تیزی لا کر مقررہ وقت کی حد کے اندر انہیں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام کے معیار اور حفاظتی معیارات کا خاص طور پر خیال رکھتے ہوئے کام انجام دیا جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ طبی سہولیات کو جدید بنانے کے ساتھ ساتھ یہاں ڈاکٹروں کے لیے رہائشی سہولیات بھی یقینی بنائی جائیں۔ یہاں آنے والے مریضوں کو کسی قسم کی دشواری نہ ہو اور انہیں جدید ترین طبی سہولیات اور بروقت علاج میسر آ سکے، اس بات کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ مسٹر کمار نے کہا کہ پی ایم سی ایچ میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات، اساتذہ، ڈاکٹروں اور نرسنگ اسٹاف کے لیے جو رہائشی انتظامات کیے جائیں گے، ان کی تعمیر بھی بہتر انداز میں اور تیزی سے مکمل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم سی ایچ کو 5462 بستروں کی گنجائش کے ساتھ توسیع دی جا رہی ہے، اس لیے یہاں جدید ترین طبی سہولیات کے تمام انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ مسٹر کمار نے جے پی گنگا پتھ پر تیار کیے جا رہے پارک اور تزئین و آرائش کے کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری دیپک کمار، چیف سکریٹری پرتیہ امریت، محکمہ صحت کے سکریٹری لوکیش کمار سنگھ، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری کمار روی، ڈاکٹر چندر شیکھر سنگھ، محکمہ صحت کے خصوصی سکریٹری ہمانشو شرما، ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگ راجن ایس ایم، پٹنہ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راجیو کمار سنگھ سمیت دیگر سینئر افسران اور اسپتال انتظامیہ سے وابستہ ڈاکٹرموجود تھے۔