پٹنہ ضلع کے پھلواری شریف بلاک کے مرانچی مہادلِت ٹولہ میں پرچم کشائی پروگرام میں نتیش کمار کی شرکت
Awaz E Bihar••0 ویوز•2 منٹ پڑھیں
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پیر کے روز پٹنہ ضلع کے پھلواری شریف بلاک کی اکونا گرام پنچایت کے مرانچی مہادلِت ٹولہ میں یومِ جمہوریہ کے موقع پر منعقد پرچم کشائی پروگرام میں شریک ہوئے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی موجودگی میں ٹولہ کے بزرگ سدھیشور مانجھی نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے وہاں موجود تمام لوگوں کو یومِ جمہوریہ کی دلی مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر سال یومِ آزادی اور یومِ جمہوریہ کے موقع پر مہادلِت ٹولہ میں منعقد پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کرتے ہیں۔ یہاں پہلی بار اس پروگرام کا انعقاد سال 2011 میں کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ترقی کے کئی کام کرائے گئے ہیں۔ مسٹر کمار نے کہا کہ یہاں ایک کمیونٹی بھون (سماجی عمارت) تعمیر کرائی جائے گی۔ یہاں سے اسٹیٹ ہائی وے-78 تک سڑک تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ہیلتھ سب سینٹر، اضافی پرائمری ہیلتھ سینٹر اور مڈل اسکول کی چار دیواری تعمیر کرائی جائے گی۔ اس پنچایت کے تمام آبی ذخائر اور نہروں کی مرمت اور بحالی کرائی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ سماج میں ہم آہنگی اور بھائی چارے کا ماحول برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ریاست مسلسل ترقی کر رہا ہے۔ آئندہ پانچ برسوں میں مزید کام ہوں گے جس سے بہار کافی آگے بڑھے گا۔ مرکز کا بھی پورا تعاون حاصل ہو رہا ہے۔ بہار مزید ترقی یافتہ ہوگا اور ملک کی صفِ اوّل کی ریاستوں میں شامل ہو جائے گا اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔