سرس میلہ کا اختتام، وزیر شرون کمار نے ماہر خواتین کاروباریوں کو اعزاز سے نوازا
Awaz E Bihar••0 ویوز•3 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 04 جنوری (اے بی این)دیہی صنعت کاری کو فروغ دینے کے مقصد سے 12 دسمبر سے 04 جنوری تک جاری رہنے والا بہار سرس میلہ اتوار کو اختتام پذیر ہو گیا۔ بہار کے دیہی ترقیات کے وزیر شرون کمار نے آج سرس میلہ کے دوران بہترین فروخت کرنے والی ماہر خواتین کاروباریوں کو اسناد اور مومنٹو پیش کر کے اعزاز سے نوازا۔ اعزاز حاصل کرنے والی خواتین کاروباریوں میں مسز پریم لتا دیوی، مسزرہنما، مسزمونی کماری، مسز کرشنا دیوی، مسز ورجش بیگم شامل ہیں۔ گاندھی میدان میں گزشتہ 24 دنوں تک جاری رہنے والے سرس میلہ کا انعقاد دیہی ترقیات محکمہ نے 'جیویکا' کے توسط سے کیا۔ اختتامی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے دیہی ترقی کے وزیر شرون کمار نے سرس میلہ کا دورہ کیا اور دیہی ہنرمندوں کی جانب سے تیار کردہ مصنوعات کے ساتھ ساتھ اس کامیاب انعقاد کی ستائش کی۔ اس موقع پر وزیر شرون کمار نے کہا کہ بہار ملک کی پہلی ریاست ہے جہاں وزیر اعلیٰ خواتین روزگار منصوبہ کی شروعات کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار روزگار منصوبہ بھی سب سے پہلے بہار میں ہی شروع کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کے ذریعے بڑی تعداد میں خواتین اس سے وابستہ ہو رہی ہیں اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی بہار کو ملک کی پانچ سرفہرست ریاستوں میں شامل کرنے کی مہم میں قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھ رہی ہیں۔ جیویکا کی ایڈیشنل چیف ایگزیکٹو آفیسرمسز ابھیلاشا کماری شرما نے کہا کہ سرس میلہ اب قومی سطح کا ایک بڑا انعقاد بن چکا ہے، جس سے بہار کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں آ کر دیہی خواتین اپنے ہنر اور صنعت کاری کی نمائش کر رہی ہیں اور معاشی و سماجی طور پر بااختیار بنی ہیں۔ دیہی ترقیات محکمہ کے پرنسپل سکریٹری پنکج کمار نے کہا کہ جیویکا دیدیوں کی معاشی اور سماجی ترقی کی چرچا اب پورے ملک میں ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خود امدادی گروپوں سے جڑ کر ددیہی خواتین نے قابل ذکر پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے سرس میلہ کے کامیاب انعقاد پر جیویکا کو مبارکباد دی اور مسرت کا اظہار کیا کہ بہار میں جیویکا کا کام قابل ستائش ہے۔ بہار دیہی جیویکوپارجن فروغ کمیٹی (جیویکا) کی پروجیکٹ کوآرڈینیٹر مہوا رائے چودھری نے بتایا کہ سرس میلہ میں دیہی خواتین کاروباریوں اور ہنرمندوں کے کامیاب صنعت کار بننے کی ترغیبی کہانیاں پیش کی گئیں۔ جیویکا دیدیوں کی کامیابی کی داستانیں اب محققین کے لیے نصاب کا حصہ بھی بن رہی ہیں۔ میلہ میں آ کر محققین اور مینجمنٹ کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات جیویکا دیدیوں سے کاروبار میں کامیابی کے گر سیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں سرس میلہ کے انعقاد اور اس کے تئیں آنے والوں کی کشش میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ مسزچودھری نے مزید بتایا کہ 24 دنوں کے دوران تقریباً 28 کروڑ 52 لاکھ روپے سے زائد کے مصنوعات اور پکوانوں کی خرید و فروخت ہوئی ہے، جبکہ اندازاً 18 لاکھ افراد نے میلہ کا دورہ کیا۔ 12 دسمبر سے منعقد ہونے والے بہار سرس میلہ میں بہار کے تمام 38 اضلاع سے تقریباً 209 خود امدادی گروپوں سے وابستہ جیویکا دیدیاں بطور مائیکرو انٹرپرینیور شریک ہوئیں۔ بہار سمیت ملک کی 25 ریاستوں کی شمولیت رہی۔ مختلف محکموں، اداروں اور بینکوں کے 50 اسٹالز کے ذریعے حکومت کی جانب سے چلائی جا رہی مختلف اسکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی۔