پٹنہ، 06 فروری (اے بی این) بہار قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر پریم کمار نے جمعہ کوریاستی حکومت کو ہدایت دی کہ ایوان کے اراکین اور ان کے زیر کفالت افراد کو کیش لیس علاج کی سہولت فراہم کرنے کے مطالبے پر حتمی فیصلہ لینے کے لیے ایک ہفتے کے اندر اجلاس منعقد کیا جائے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی رگھوویندرپڑتاپ سنگھ کے ایک مختصر اطلاع والے سوال پر ایوان میں جواب کے دوران مداخلت کرتے ہوئے اسپیکر مسٹر کمار نے کہا کہ اس مطالبے پر ایوان کے اراکین سے تجاویز حاصل کرنے کے لیے ایک ہفتے کے اندر اجلاس طلب کیاجائے۔ انہوں نے ایوان کو یقین دہانی کرائی کہ اس فیصلے کے لیے یہ آخری اجلاس ہوگا۔ اس سے قبل نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کیش لیس طبی سہولت سے بہتر سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال فراہم کی جا رہی طبی سہولت میں پہلے اخراجات کا انتظام کرنے کے سوا کوئی اور دشواری نہیں ہے۔ مسٹر چودھری نے بعد میں اراکین کے اصرار پر کہا کہ کیش لیس طبی سہولت پر حتمی فیصلہ لینے سے قبل تجاویز حاصل کرنے کے لیے اجلاس طلب کیاجائے گا۔ اس کے بعد بھی جب اراکین کی جانب سے کیش لیس طبی سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ جاری رہا تو مسٹر چودھری نے کہا کہ حکومت اس پر اتفاق رائے کے ساتھ ارادہ رکھتی ہے، لیکن اس کے لیے اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ بی جے پی کے رکن اسمبلی رگھوویندر پڑتاپ سنگھ نے اس سے قبل ایوان میں ضمنی سوالات کے ذریعے کہا کہ ارکان اسمبلی کو کیش لیس علاج کی سہولت حاصل نہیں ہے اور علاج کے بعد اخراجات کی واپسی کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا ہے۔ بی جے پی کے رکن اسمبلی جیویش مشرا نے بھی اس مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے حکومت سے کیش لیس نظام کے نفاذ میں حائل رکاوٹوں کو دور کر کے اسے جلد نافذ کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کے انتظار کی ضرورت نہیں ہے اور فیصلہ فوری طور پر لیا جانا چاہیے۔ مسٹر چودھری نے معاملے کی سنجیدگی اور ایوان کے اراکین کے مزاج کو دیکھتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حکومت ملازمین کو بہتر صحت سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس پر اسپیکر پریم کمار نے مداخلت کرتے ہوئے حکومت کو ایک ہفتے کے اندر اجلاس منعقد کر کے اس معاملے پر حتمی فیصلہ لینے کی ہدایت دی۔ مسٹر سنگھ نے اس سے قبل مختصر اطلاع والے سوال کے ذریعے ارکان اسمبلی کے لیے کیش لیس طبی سہولت کا مطالبہ اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ مرکزی حکومت کے تحت کام کرنے والے سبکدوش ملازمین اور ان کے زیرکفالت افراد کو لامحدودان ڈور طبی سہولت کا فائدہ حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش اور جھارکھنڈ جیسے پڑوسی ریاستوں میں خدمات انجام دینے والے اور سبکدوش افسران و ملازمین، سابق اراکین اور ان کے زیر کفالت افراد کو صحت بیمہ اسکیموں کے تحت کور کیا گیا ہے اور انہیں کیش لیس علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔