سیوان میں پٹاخے بنانے کے دوران خطرناک دھماکا، 7 افراد کی موت لاشوں کے ٹکڑے دور تک بکھر گئے
Awaz E Bihar
••4 ویوز•3 منٹ پڑھیں
سیوان:(اے بی این ) ضلع میں جمعہ کی شام پٹاخے بنانے کے دوران ہونے والے ایک بھیانک دھماکے سے پورا علاقہ دہل گیا۔ جمو تھانہ علاقے کے عالم پور گاؤں میں پیش آئے اس حادثے میں تقریباً سات افراد کی موت کی اطلاع ہے۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ مکان کا اگلا حصہ تباہ ہوگیا اور لاشوں کے ٹکڑے گھر سے باہر دور تک جا گرے۔ واقعے کے بعد گاؤں میں افراتفری مچ گئی اور بڑی تعداد میں مقامی لوگ جائے حادثہ پر جمع ہوگئے۔لائیو ہندوستان کی رپورٹ کے مطابق، جمعہ کی شام تقریباً ساڑھے پانچ بجے پٹاخہ کاروباری امیرالدین کے گھر میں معمول کے مطابق پٹاخے بنانے کا کام جاری تھا۔ اسی دوران اچانک آگ لگ گئی اور یکے بعد دیگرے کئی دھماکے ہونے لگے۔ دھماکوں کی آواز سے پورا علاقہ گونج اٹھا۔ مکان کا ایک حصہ بری طرح متاثر ہوا اور عمارت کو کافی نقصان پہنچا۔ مقامی لوگوں کے مطابق، حادثے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد سمیت تقریباً سات لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ ان میں پٹاخہ کاروباری امیرالدین، ان کی تین پوتیاں، ایک پوتا اور دو مزدور شامل بتائے جا رہے ہیں۔ تاہم، خبر لکھے جانے تک انتظامیہ نے ہلاکتوں کی حتمی تعداد کی تصدیق نہیں کی تھی۔سیوان کے ضلع مجسٹریٹ وجے پرکاش مینا کے مطابق، ابتدائی طور پر دو سے تین لاشیں نکالے جانے کی اطلاع تھی، جبکہ دیگر افراد کے ملبے میں دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ جائے حادثہ کی مکمل تلاشی اور بچاؤ کارروائی ختم ہونے کے بعد ہی ہلاکتوں کی صحیح تعداد معلوم ہوسکے گی۔ عینی شاہدین کے مطابق، دھماکے کے بعد گاؤں میں چیخ و پکار مچ گئی۔ لوگ خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے اور کافی دیر تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ دھماکا کہاں ہوا ہے۔ بعد میں پتا چلا کہ پٹاخہ کاروباری امیرالدین کے مکان میں یہ حادثہ پیش آیا ہے۔دھماکے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ مکان کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہوگیا اور بعض لاشیں شدید طور پر مسخ ہوکر گھر کے باہر جا گریں۔ حادثے کے بعد پورے گاؤں میں ماتم اور خوف کا ماحول ہے۔ رپورٹ کے مطابق، حادثے کے دوران امیرالدین کی بہو کسی طرح گھر سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئیں اور ان کی جان بچ گئی۔ دھماکے کے بعد جائے حادثہ پر لوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور حالات کا جائزہ لیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی۔ دھماکے کے بعد مکان کے ملبے میں دیگر افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔ گھر میں موجود پٹاخوں میں وقفے وقفے سے دھماکے ہونے کے باعث راحت اور بچاؤ کا کام مشکل ہوگیا۔ انتظامیہ کی ٹیمیں ملبے کی تلاشی اور ممکنہ متاثرین کو نکالنے کی کارروائی میں مصروف رہیں۔فی الحال دھماکے کی اصل وجہ، ہلاک ہونے والوں کی حتمی تعداد اور نقصان کی مکمل تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔ پولیس معاملے کی جانچ کررہی ہے۔ حادثے نے رہائشی مکان میں پٹاخے بنانے اور ان کے محفوظ ذخیرے کے انتظامات پر بھی سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔