قرآنی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میںنافذکریں : مولانا ناظم قاسمی
Awaz E Bihar••0 ویوز•3 منٹ پڑھیں
جامعہ کے مہتمم مولانا رضوان قاسمی نے طلبہ کو قرآن کریم کے بتائے طریقے پر چلنے کی تلقین کی۔جامعہ صفہ میں تکمیلِ حفظِ قرآن کی پُروقار تقریب کا انعقاد
پٹنہ : جامعہ صفہ نیوعظیم آبادی کالونی پٹنہ میں تکمیل حفظِ قرآن کے موقع پر ایک پُروقار اور روح پرور جلسے کا انعقاد عمل میں آیا، جس کی صدارت مولانا رضوان قاسمی نے فرمائی۔ اس بابرکت تقریب میں علماء کرام، طلبہ اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ناظم قاسمی نے کہا کہ حفظِ قرآن محض ایک تعلیمی مرحلہ نہیں بلکہ ایک عظیم دینی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے حفاظِ کرام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کو سینوں میں محفوظ رکھنا امتِ مسلمہ کے تشخص اور بقا کی ضمانت ہے۔ مولانا ناظم قاسمی نے طلبہ کو قرآن پر عمل پیرا ہونے اور اس کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کرنے کی تلقین کی۔ قرآن کریم کے مخلوق اور غیر مخلوق ہونے پر تفصیل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاریخِ اسلام میں عباسی دور کے دوران ’’معتزلہ‘‘ نے یہ نظریہ پیش کیا کہ قرآن مخلوق ہے۔ ان کا خیال تھا کہ اگر قرآن کو غیر مخلوق مانا جائے تو اللہ کی ذات کے ساتھ ایک اور قدیم چیز کا اضافہ ہو جائے گا۔امام احمد بن حنبلؒ نے اس نظریے کے خلاف سخت ترین موقف اپنایا اور کوڑے کھائے مگر یہ تسلیم نہیں کیا کہ قرآن مخلوق ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صفتِ کلام کو ذاتِ الہی سے جدا نہیں کیا جا سکتا۔قرآن حکیم اللہ کی صفت ہے، اور اللہ کی صفات مخلوق نہیں ہوتیں۔ لہٰذا، جو شخص قرآن کو مخلوق کہتا ہے، وہ جمہور امت اور سلف صالحین کے راستے سے ہٹا ہوا ہے۔ جلسے کی صدارت کرتے ہوئے مولانا رضوان قاسمی نے جامعہ صفہ کی دینی و تعلیمی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ایسے ادارے معاشرے کی اصلاح اور نسلِ نو کی دینی تربیت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اساتذہ اور والدین کی قربانیوں کو قابلِ قدر قرار دیا۔تقریب کے دوران تکمیلِ حفظِ قرآن کرنے والے طلبہ کرام کو انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا گیا، جس سے طلبہ میں خوشی اور جوش و خروش کا ماحول دیکھنے کو ملا۔مولانا رضوان کی قیادت میں یہ ادارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ ہر سال تقریبا دس پندرہ حفاظ کرام یہاں سے نکلتے ہیں ۔ جو اپنے اپنے علاقوں میں جاکر علوم دینیہ کے نشر و اشاعت میں مصروف ہوتے ہیں ۔ ادارہ لوگوں کے تعاون سے چلتا ہے ۔آج پانچ طلبہ نے تکمیل حفظ کیا ۔حفظ مکمل کرنےوالوں میں محمد عمر بانکا‘ محمد تاج الدین سوپول ‘محبوب عالم سیتامڑھی ‘محمد ریحان ارریہ ‘مہتاب عالم ارریہ کے نام شامل ہیں۔ آخر میں حفاظِ کرام کی دستار بندی کی گئی اور دعا کے ساتھ جلسے کا اختتام ہوا۔ دعا میں ملک و ملت کی خوشحالی، امن و امان اور حفاظِ قرآن کے روشن مستقبل کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر ہاشم پرویز عرف راجو ‘ جاوید نثر ‘ مفتی نسیم الہدیٰ‘ مولانا محمد ذاکر ‘ پروفیسر محمد ناظم ‘ ظفیر الدین ‘ مبشر ‘ مہتاب عالم‘ پروفیسر دانش عباس سمیت معززین شہر نے شرکت کی۔