بہار میں ہولی کے موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے جامع سکیورٹی تیاریوں کا اعلان کیا
Awaz E Bihar••1 ویوز•3 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 02 مارچ (اے بی این): ہولی کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضلع ہیڈکوارٹر کے ساتھ ساتھ سب ڈویژن سطح پر بھی بڑی تعداد میں کوئیک رسپانس ٹیمیں تعینات کی جا رہی ہیں، جبکہ گزشتہ برس فساد و ہنگامہ آرائی والے حساس مقامات پر خصوصی نگرانی برتی جائے گی۔ یہ جانکاری ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (لاءاینڈ آرڈر) پنکج کمار دراد نے پیر کو دی۔ وہ پولیس ہیڈکوارٹر سردار پٹیل بھون کے آڈیٹوریم میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ ایڈیشنل ڈی جی پی نے بتایا کہ ہولی کے موقع پر ارول، نوادہ اور گیا جی میں جھومٹا جلوس کی روایت کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی چوکسی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ ان مقامات پر اضافی پولیس فورس تعینات رہے گی، بغیر لائسنس کوئی جلوس نہیں نکلے گا اور تمام تھانوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ راستوں کی فزیکل جانچ کے بعد ہی لائسنس جاری کریں۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان کے پیش نظر ہولیکا دہن اور رنگ و ابیر کھیلنے میں خصوصی احتیاطی ہدایات دی گئی ہیں۔ تیز آواز والے ڈی جے اور فحش گانوں پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ تمام اضلاع میںبکتر بندگاڑیاں، واٹر کینن اور وافر پولیس فورس تعینات کی گئی ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر قابل اعتراض پوسٹ پر فوری اور سخت کارروائی کے احکامات دیے گئے ہیں۔ ایڈیشنل ڈی جی پی کے مطابق گزشتہ سال ہولی کے دوران 50 واقعات پیش آئے تھے، جن میں روہتاس، نوادہ، پٹنہ، مونگیر اور سیتامڑھی شامل تھے۔ اسی کو دیکھتے ہوئے ان حساس مقامات پر خصوصی نگرانی کے ساتھ تمام اضلاع کے کنٹرول رومز کو 24 گھنٹے الرٹ پر رکھتے ہوئے پولیس ہیڈکوارٹر سے منسلک کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہولی کے پیش نظر فروری سے اب تک پولیس نے وسیع پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے 1.32 لاکھ سے زائد افراد کے خلاف احتیاطی کارروائی کی، 5,459 ملزمان کو مختلف سنگین مقدمات میں گرفتار کیا، 373 ہتھیار اور 2,186 کارتوس برآمد کیے، ایس ڈرائیو کے تحت تقریباً 95 ہزار گاڑیوں کی جانچ کر کے 1.58 کروڑ روپے سے زائد کی وصولی کی گئی، اور بڑی مقدار میں غیر قانونی شراب ضبط کرتے ہوئے 1,918 مطلوب ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈی جی پی پنکج کمار دراد نے مزید بتایا کہ ہولی کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مختلف اضلاع میں مناسب تعداد میں پولیس فورس، تربیتی سپاہی، ہوم گارڈز اور سی اے پی ایف کی تعیناتی کی گئی ہے۔ ساتھ ہی ریل مسافروں کی حفاظت اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کٹیہار، جمال پور، گیا جی اور پٹنہ ریل اضلاع میں اضافی پولیس فورس تعینات کی گئی ہے۔