ساڑھے آٹھ ہزار ایکڑ خالی پڑی اراضی سے روزگار پیدا کئےجائیں گے: دیپک پرکاش
Awaz E Bihar••0 ویوز•3 منٹ پڑھیں
مدھوبنی، 12 جنوری (اے بی این) پنچایتی راج کے وزیر دیپک پرکاش نے پیر کوکہا کہ ریاست میں ضلع پریشدوں کی ساڑھے آٹھ ہزار ایکڑ خالی اراضی کو ترقی دے کر نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔وزیرمسٹر پرکاش کی صدارت میں آج مدھوبنی سرکٹ ہاوس میں پنچایتی راج محکمہ کے ضلع اور بلاک سطح کے افسران کے ساتھ محکمہ جاتی اسکیموں کے حوالے سے ایک تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ جائزہ کے دوران وزیر مسٹر پرکاش نے کہا کہ بہار میں ضلع پریشدوں کی ساڑھے آٹھ ہزار ایکڑ خالی زمین کو ترقی دے کر نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مدھوبنی ضلع پریشد کے پاس مجموعی طور پر 393 ایکڑ خالی زمین دستیاب ہے، جس کی منصوبہ بند ترقی کے ذریعے بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان زمین کے قطعوں کو دکانوں اور دیگر تجارتی اداروں کے لیے لیز پر دینے کے ساتھ ساتھ مال اور رہائشی احاطوں کی تعمیر کے لیے بھی نشان زد کیا جائے گا، جس سے مقامی سطح پر معاشی سرگرمیوں کو رفتار ملے گی۔ وزیر مسٹر پرکاش نے متعلقہ افسران کو تجاوزات شدہ زمین کو فوری طور پر تجاوزات سے آزاد کرانے کی بھی ہدایت دی۔ اس سلسلے میں خالی زمین سے متعلق واضح اور تازہ ترین رپورٹ پیش نہ کیے جانے پر وزیر نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت دی کہ ضلع پریشد کی تمام زمینوں کی تفصیلی معلومات محکمہ کو فراہم کی جائیں۔ مدھوبنی کی کل 386 پنچایتوں میں سے 122 میں پنچایت سرکار بھون کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، 140 عمارتیںزیر تعمیر ہیں، جبکہ 124 پنچایتوں میں عمارتوں کی تعمیر کا کام ابھی شروع نہیں ہو سکا ہے۔ وہیں 13 پنچایت سرکار بھون کے لیے زمین دستیاب نہیں ہے۔ مکمل ہو چکی 122 عمارتوں میں سے 108 عمارتیں فعال ہو چکی ہیں۔ وزیر دیپک پرکاش نے واضح انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ مقررہ وقت کی حد میں کام مکمل نہ کرنے یا معیاری کام نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ افسران اور ایجنسیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں یہ بھی ہدایت دی گئی کہ ضلع میں مجموعی طور پر 57,200 سولر لائٹس کی تنصیب کا ہدف مقرر تھا، جس کے تحت 33,743 سولر لائٹس کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے، جبکہ 23,457 سولر لائٹس کی تنصیب ابھی باقی ہے۔ وزیر مسٹرپرکاش نے آئندہ 31 مارچ تک تمام کام مکمل کرنے کا سخت حکم دیا۔ ساتھ ہی یہ بھی ہدایت دی کہ اس سے متعلق ادائیگی کا کام جلد از جلد مکمل کر کے محکمہ کو مطلع کیا جائے۔ انہوں نے افسران کو یہ بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی کہ سولر لائٹ کے تمام کھمبوں پر سروس پرووائیڈر کا واٹس ایپ نمبر درج ہونا لازمی ہے۔ جن علاقوں میں ایجنسی کی جانب سے لائٹس کی مناسب دیکھ بھال نہیں کی جا رہی ہے، ایسی ایجنسیوں کو نشان زد کر کے کارروائی کی جائے گی۔ جائزہ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مدھوبنی ضلع میں آر ٹی پی ایس کے تحت مجموعی طور پر 2,17,149 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 2,13,629 معاملات نمٹا دیے گئے ہیں۔ وزیر مسٹر پرکاش نے افسران کوعوامی خدمات کے حق کے قانون (آر ٹی پی ایس) مراکز کا مسلسل اچانک معائنہ کرتے رہنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے پنچایتی راج اداروں کو مزید مضبوط اور موثر بنانے کے لیے محکمہ جاتی افسران کو مکمل عزم، شفافیت اور جوابدہی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی۔