پٹنہ، 3 فروری (اے بی این)۔ بہار کے مکامہ اسمبلی حلقہ سے جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے باہوبلی ایم ایل اے اننت سنگھ نے بجٹ اجلاس کے دوسرے دن منگل کے روز قانون ساز اسمبلی کے رکن کے طور پر حلف لیا۔ اس کے بعد وہ پوڈیم کے قریب پہنچے اور اسمبلی اسپیکر پریم کمارسے ہاتھ ملا کر خیر مقدم کیا۔ پٹنہ سول کورٹ نے انہیں پیرکے روز حلف لینے کی اجازت دی تھی۔ اننت سنگھ کو الیکشن کے دوران قتل کے ایک معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا اور تب سے وہ بیور جیل میں قید ہیں۔ پٹنہ سول کورٹ کے حکم سے ان کی حلف برداری کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ حالانکہ عدالت نے واضح طور پر کہا ہے کہ انہیں صرف حلف برداری کے لیے اسمبلی میں آنے کی اجازت ہے اور کسی دوسری سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہے۔ حلف برداری کے بعد وہ عدالتی حراست میں واپس بیور جیل چلے گئے۔