نتیش نے سہرسہ ضلع کو 512 کروڑ روپے کی اسکیموں کی سوغات دی
Awaz E Bihar••1 ویوز•3 منٹ پڑھیں
بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے جمعہ کو سمردھی یاترا کے دوران سہرسہ ضلع کو 512 کروڑ روپے کی اسکیموں کا تحفہ دیا۔وزیراعلیٰ مسٹر کمار نے آج سمردھی یاترا کے دوران سہرسہ ضلع میں مختلف اسکیموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے شاہ پور وارڈ نمبر 7 میں بنائے گئے پروگرام کے مقام سے ریموٹ کے ذریعہ تختی کی نقاب کشائی کرکے سہرسہ ضلع کے لیے 286 کروڑ روپے کی لاگت سے 70 اسکیموں کا افتتاح کیا، 90 کروڑ روپے کی لاگت سے 20 اسکیموں کا سنگ بنیاد اور136 کروڑ روپے کی لاگت سے 35 اسکیموں کا کام شروع کیا۔ وزیراعلیٰ مسٹر کمار نے عہدیداروں سے پرگتی یاترا کے دوران کئے گئے اعلانات پر عمل آوری کے بارے میں دریافت کیا اور انہیں کام کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے سہرسہ ضلع کے شاہ پور کے وارڈ نمبر 7 میں شاہ پور جیویکا سلائی اور پروڈکشن سینٹر کا ربن کاٹ کر اور تختی کی نقاب کشائی کرکے افتتاح کیا۔ افتتاح کے بعد انہوں نے جیویکا دیدیوں کو جیویکا دی دی سلائی گھر کی چابی سونپی اور اس کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے کپڑے کی سلائی، کٹنگ اور معیار کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے وہاں بنائے گئے تالاب کا معائنہ کیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اس تالاب کے ساتھ سیڑھی گھاٹ تعمیر کریں۔ اس سے تالاب مزید خوبصورت نظر آئے گا اور لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے وہاں نئے تعمیر ہونے والے میونسپل پارک کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ مسٹر کمار نے اس کے بعد مختلف ترقیاتی اسکیموں کی پیشرفت کے بارے میں عہدیداروں سے دریافت کیا۔ اس سلسلے میں، انہوں نے سہرسہ ضلع کے تحت منڈن مشرا دھام کی تزئین کاری اور ترقیاتی کاموں، ماں اگرتارا مندر کی خوبصورتی اور ترقیاتی کاموں، سہرسہ ضلع ہیڈکوارٹر کے تحت موجا ہاسا ہکپارہ میں اسٹیڈیم (کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے) کی تعمیر کے کام کے بارے میں دریافت کیا۔ نیز میونسپل کارپوریشن سہرسہ کے تحت اسٹارم واٹر ڈرینیج اسکیم فیز 2 کے کام اور متسیگندھا جھیل ٹورسٹ بیوٹیفیکیشن اور ترقیاتی کاموں کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ معائنہ کے دوران وزیراعلیٰ مسٹر کمار نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ تمام کاموں کو جلد از جلد مکمل کریں۔ انہوں نے مختلف محکموں کی جانب سے لگائے گئے ترقیاتی کاموں سے متعلق اسٹالز کا معائنہ کیا۔ اس سلسلے میں جیویکا دیدی کے ذریعہ کیے گئے مختلف کاموں اور مصنوعات کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے 3021 جیویکا سیلف ہیلپ گروپ دیدی کی دیدیوں کو 133 کروڑ روپے کا علامتی چیک پیش کیا۔