نتیش کمار کی قیادت میں ڈبل انجن حکومت شہری خدمات کو ریاست کے ہر شہری تک پہنچانے میں مصروف: وجے کمار سنہا
Awaz E Bihar••0 ویوز•2 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 20 جنوری (اے بی این) نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار سنہا نے منگل کو کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں ڈبل انجن حکومت مانگ کی بنیاد پر وقت مقررہ کے اندر شہری خدمات کو ریاست کے ہر شہری تک پہنچانے میں سرگرم ہے تاکہ ریاست کے شہریوں کی زندگی آسان بن سکے اور وہ ترقی سے وابستہ سرگرمیوں میں شامل ہو کر خوشحال اور مضبوط بہار کے علمبردار بن سکیں۔ مسٹرسنہا نے آج ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے تمام شہریوں کو باوقار اور آسان زندگی فراہم کرنے کے ڈبل انجن حکومت کے عزم کو شفاف ریونیو انتظامیہ سے جوڑتے ہوئے وزیر اعلیٰ مسٹر نتیش کمار کی قیادت میں آج ایک قابل ستائش قدم اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب ریاستی حکومت صوبے میں زمین کی پیمائش کے خواہشمند افراد کو مانگ کی بنیاد پر درست، وقت مقررہ کے اندر اور شفاف اراضی پیمائش کی خدمات فراہم کرنے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 31 جنوری تک خصوصی اراضی پیمائش مہم چلا کر سابقہ زیر التوا درخواستوں کا تصفیہ کر دیا جائے گا۔ مسٹر سنہا نے بتایا کہ آئندہ یکم اپریل تک تمام غیر متنازعہ زمینوں کی پیمائش درخواست دینے کے کام کے سات دن کے اندر یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ متنازعہ زمین کی پیمائش کے عمل کو بھی کام کے 11 دن کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ مسٹرسنہا نے کہا کہ پیمائش کی رپورٹ درخواست کی تاریخ کے 14ویں دن تک مقررہ پورٹل پر اپ لوڈ کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں ڈبل انجن حکومت مانگ کی بنیاد پر وقت مقررہ کے اندر شہری خدمات کو ریاست کے ہر شہری تک پہنچانے میں مصروف ہے تاکہ ریاست کے شہریوں کی زندگی آسان بنے اور وہ ترقی سے وابستہ سرگرمیوں میں شامل ہو کر خوشحال اور مضبوط بہار کے پیامبر بن سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریونیو محکمہ بھی صاف، سادہ اور وقت مقررہ کے مطابق ریونیو انتظامیہ فراہم کر کے اس عزم میں ریاست کے شہریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔