نتیش نے بختیارپور میں گنگا کنارے واقع سیڑھی گھاٹ کا دورہ کیا و ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا
Awaz E Bihar••1 ویوز•2 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 18 جنوری (اے بی این) وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اتوار کو بختیارپور میں گنگا ندی کے کنارے واقع سیڑھی گھاٹ کا دورہ کیا اور وہاںکرائے گئے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ جائزے کے دوران وزیر اعلیٰ نے گنگا ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کے تحت کرائے گئے ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ عقیدت مندوں کے لیے فراہم کی گئی سہولیات کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ بچپن میں وہ اکثر یہاں سیڑھی گھاٹ پر نہانے آیا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ بڑی تعداد میں آس پاس کے عقیدت مند یہاں آتے ہیں، جس کو مدنظر رکھتے ہوئے اس گھاٹ کو نہایت بہتر انداز میں ترقی یافتہ بنایا گیا ہے۔ اب عقیدت مند آسانی کے ساتھ یہاں آ کر اسنان اور پوجا ارچناکرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بختیارپور کے سیڑھی گھاٹ واقع شری رادھے کرشن مندر میں پوجا ارچنا کر کے ریاست کی خوشحالی، امن و امان اور ترقی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے معروف مجاہد آزادی اور سابق رکن پارلیمنٹ پنڈت شیل بھدر یاجی اور ان کی اہلیہ آنجہانی بالکیشوری یاجی کی سمادھی پر گل پوشی کر کے خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ اس موقع پر جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے قومی ایگزیکٹیو صدر اور رکن پارلیمنٹ سنجے کمار جھا، ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگ راجن ایس۔ ایم۔، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کارتکیہ کے۔ شرما سمیت دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔