وسطانیہ ،فوقانیہ و مولوی امتحانات 2026 کی تیاریاں تقریباً مکمل :سلیم پرویز
Awaz E Bihar••0 ویوز•2 منٹ پڑھیں
امتحانات کا انعقاد متعین تواریخ پر ہونا طے، داخلہ کارڈ، اکیڈمک کلینڈر اور ڈائری و دیگر اشیاء مدارس کے صدرمدر س کو فراہم کرانے کا سلسلہ جاری :عبدالسلام انصاری پٹنہ:(اے بی این) بہاراسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے ذریعہ منعقد ہونے والے سالانہ امتحانات 2026 کی تیاری دفتر کے ذریعہ تیز رفتاری سے انجام دی جارہی ہے۔ اسی کے تحت ریاست بہار کے تمام نامزد مدارس کے صدر مدرسین کوامتحانات سے متعلق ضروری اشیاء دستیاب کرانے کیلئے مورخہ۔06 جنوری،07 جنوری اور 08 جنوری 2026 کو صدر دفتر پٹنہ اور علاقائی دفتر پورنیہ میں کمشنری وار بلایا گیاہے۔ یہ اطلاع دلشاد مستقیم ،ناظم امتحانات، بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ نے دی ہے۔ ناظم امتحانات نے بتایاکہ مورخہ۔06 جنوری 2026 کو صدر دفتر پٹنہ میں دربھنگہ کمشنری اور ریجنل دفتر پورنیہ میں ۔کوسی اور بھاگلپورکے مدارس کے صدر مدرس کو بلایاگیا جنہیں درجہ وسطانیہ ،فوقانیہ و مولوی امتحانات کا داخلہ کارڈ، پریکٹیکل مارکس فولیو ، وسطانیہ کی غیر استعمال شدہ کاپیاں ، اکیڈمک کیلنڈر اور ڈائری ساتھ ہی درسی کتابیں جناب سلیم پرویز چیئرمین مدرسہ بورڈ کے زیر نگرانی دستیاب کرایا گیا۔انہوں نے بتایاکہ چیئرمین محترم نے خود دستیابی نظام کا معائنہ کیا اور افسران و ملازمین کو مختلف ہدایتیں بھی دیں تاکہ مختلف اضلاع سے آنے والے صدرمدرسین کو کسی طرح کی پریشانی در پیش نہ ہو۔ چیئر مین محترم نے صدر مدرسین کو خصوصی طور پر ہدایت بھی دی ہے کہ مدارس میں وسطانیہ کے امتحانات کا انعقاد صاف و شفاف ماحول میں کرانا یقینی بنائیں ساتھ ہی دفتر کے ذریعہ امتحانات سے متعلق جو بھی ہدایات دی جارہی ہیں اس پر پوری طرح سے عمل کریں اورمدارس کو تعلیم کے ماحول سے منور کریں۔ وہیں جناب عبدالسلام انصاری ،سکریٹری ، مدرسہ بورڈ نے کہا کہ جتنے بھی نامزد مدارس کے صدر مدرسین کو امتحان سے متعلق اشیاء مہیا کرائی گئی ہے وہ انہیں جلد سے جلد نامزد سے جڑے مدارس کو مہیا کرانا یقینی بنائیں تاکہ امتحانات کی مقررہ تاریخ سے قبل مدارس امتحانات کی تیاری مکمل کر لیں۔ کیونکہ وسطانیہ ایویلیوشن کا انعقاد 11 جنوری2026 سے اور فوقانیہ و مولوی کے امتحانات کا انعقاد۔19 جنوری2026 سے ہونا طئے ہے۔ مزید انہوں نے کہاکہ 7 اور8 جنوری کو بھی مختلف اضلاع کے نامزد مدارس کے صدر مدرس کو امتحانات سے متعلق تمام اشیاء مہیا کرائی جائے گی۔ اس لئے تاریخ کے اعتبار سے سبھی اضلاع کے صدر مدرسین دفتر حاضر ہوکر اشیاء کی دستیابی یقینی بنائیں۔