پٹنہ، 03 فروری (اے بی این) وزیرخزانہ وجیندر پرساد یادو نے منگل کو مالی سال 2026-27 کے لیے 3,47,589.76 کروڑ روپے کا ریاستی بجٹ اسمبلی میں پیش کیا، جس میں تعلیم، صحت اور دیہی ترقی کے شعبوں کو ترجیح دی گئی ہے۔ مسٹر یادو نے ایوان میں بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ 3,47,589.76 کروڑ روپے کا یہ بجٹ گزشتہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ کے مقابلے 30,694.74 کروڑ روپے زیادہ ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے اس سال بجٹ میں 9.68 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیم، صحت اور دیہی ترقی کے شعبوں کو خصوصی ترجیح دی گئی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ بجٹ کا بنیادی مقصد "سات نشچئے-3" کے تحت سال 2025 تا 2030 کی مدت کے لیے مقرر تمام اہداف کو حاصل کرنا اور بہار کو ملک کی ترقی یافتہ ریاستوں کی صف میں شامل کرنا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مالی سال 2025-26 میں بہار کی ترقی کی شرح 14.9 فیصد رہنے کی امید ہے۔ بجٹ کا مقصد آئندہ پانچ برسوں میں ایک کروڑ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے، جس کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیر خزانہ نے بجٹ پیش کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو میں کہا کہ تعلیم، صحت اور دیہی ترقی کے شعبوں کو وافر مقدار میں فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ محکمہ تعلیم کو 60,204.61 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جو کل بجٹ کا 17.32 فیصد ہے۔ وہیں دیہی ترقیات محکمہ کو 23,701.18 کروڑ روپے دیے گئے ہیں، جو کل بجٹ کا 6.82 فیصد ہے۔ اسی طرح محکمہ صحت کو 21,270.41 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جو مجموعی بجٹ کا 6.12 فیصد ہے۔ اسمبلی میں پیش کیے گئے بجٹ کے مطابق مالی سال 2026-27 کے لیے اسٹیبلشمنٹ اینڈ کمیٹڈ ایکسپنڈیچر کا تخمینہ 2,25,434 کروڑ روپے لگایا گیا ہے، جو مالی سال 2025-26 کے 2,00,135.429 کروڑ روپے کے بجٹ تخمینے سے 25,298.92 کروڑ روپے زیادہ ہے۔ مالی سال 2026-27 کے اخراجات میں محکمہ اعلیٰ تعلیم کو 8,012.34 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جو کل بجٹ کا 2.31 فیصد ہے۔ اس کے علاوہ درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل، اقلیتوں، دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) اور انتہائی پسماندہ طبقات (ای بی سی) کی فلاح و بہبود کے لیے مالی سال 2026-27 میں 13,202.38 کروڑ روپے کی رقم کا انتظام کیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ بہار میں جاری مالی سال 2025-26 کا بجٹ 3.17 لاکھ کروڑ تھا ۔ وزیر نے کہاکہ بہار کو ترقی یافتہ ریاستوں کی فہرست میں لانے کا ہدف ہے ۔ وزیر مالیات نے کہا کہ 94 لاکھ غریب خاندانوں کو بہتر بنانے کا ہدف ہے۔ پچھلے سال 3.17 لاکھ کروڑ کا سالانہ بجٹ پیش کرنے کے بعد نتیش سرکار نے جولائی میں 57941 کروڑ کا پہلا ضمنی بجٹ اور دسمبر میں 91717 کروڑ دوسرا ضمنی بجٹ بھی پیش کیا تھا۔ بہار میں ہوائی خدمات پر تیزی سے کام چل رہا ہے ۔ پٹنہ گیا جی ‘ دربھنگہ اور پورنیہ کے بعد اب دیگر شہروں میں بھی ہوائی خدمات شروع کرنے کی قواعد چل رہی ہے۔ مظفر پور سہرسہ بھاگلپور ویر پور ‘ مونگیر ‘ موتیہاری ‘ چھپرہ‘ مدھوبنی اور والمیکی نگر ہوائی اڈوں سے چھوٹے طیارے شروع کرنے کا منصوبہ ہے ۔ اس کے علاوہ بیگوسرائے اور گوپال گنج میں بھی پورانے ایئرپورٹ کو پھر سے شروع کرنے کا منصوبہ ہے ۔ جس کا کام چالو ہوگیا ہے۔ بہار ودھان سبھا میں پیش ہوئے مالی سال 2026-27 میں اس کا ذکر ہے ۔ سرکار ریاست میں دو نئے گرین فیلڈ ایئرپورٹ بھی بنا رہی ہے ۔ بہار میں ہوائی خدمات کو بہتر کرنے کیلئے کچھ مہینے پہلے ہی الگ سے سول طیارہ محمہ کا قیام عمل میں آیا تھا۔ بہار کا بجٹ 2026 میں ریاست کے مختلف ایئر پورٹ پر چل رہے منصوبوں کا ذکر ہے۔ نتیش سرکار کا کہنا ہے کہ بیگو سرائے میں واقع الاؤ ہوائی اڈا اور گوپال گنج کے سبیا فوجی ہوائی اڈہ کو چالو کرنے کے لئے پہلے ہی منظوری دی گئی ہے ۔ اس کےلئے 81 لاکھ روپے کا بجٹ جاری کیا گیا ہے ۔ سرکار بہار میں نئے گرین فیلڈ ایئرپورٹ بنانے جارہی ہے۔بھاگلپور ج۔ضلع کے سلطان گنج میں گرین فیلڈ ہوائی اڈہ کی تعمیر کی جارہی ہے ۔ اس کے لئے 931 ایکڑ زمین تحویل میں لیا ہے جس کے لئے 472 کروڑ روپے کی رقم ادا کیا جانا ہے ۔ اس کے علاوہ سارن ضلع کے سونپور میں بھی گرین فیلڈ ایئرپورٹ بنایا جائے گا جس سے پٹنہ ‘ حاجی پور ‘ چھپرہ جیسے شہروںکے لئے لوگوں کو بھی فائدہ ہوگا۔ سونپور گرین فیلڈ ایئر پورٹ کے لئے زمین تحویل کیلئے 1302 کروڑ روپے کی منظوری کروائی کی جارہی ہے۔ نالندہ ضلع کےراجگیر میں بھی ایک گرین فیلڈ ایئرپورٹ بنائے جانے کا منصوبہ ہے ۔ حالانکہ اس سال کے بجٹ میں اس کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا ہے ۔