مکرسنکرانتی ہندوستانی ثقافت کی روح کی عکاس:عارف محمد خان
Awaz E Bihar••1 ویوز•1 منٹ پڑھیں
پٹنہ(اسٹاف رپورٹر)بہار لوک بھون میں مکر سنکرانتی اتسو کاانعقاد کیاگیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر عارف محمد خان نے کہا کہ مکر سنکرانتی ایک منفرد تہوار ہے اور ہندوستانی ثقافت کی روح کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مکر سنکرانتی اس تبدیلی کو مناتی ہے جو بتدریج اور بہت فطری اور پرامن طریقے سے ہوتی ہے۔ اس دن سورج جنوب سے اتر کی طرف جاتا ہے۔ یہ تہوار صرف ہندوستان میں منایا جاتا ہے۔گورنر نے کہا کہ تبدیلی ناگزیر اور نہ رکنے والی ہے لیکن صرف وہی تبدیلی جو آہستہ آہستہ آتی ہے دائمی اور پائیدار ہوتی ہے۔ دنیا بھر میں بہت سے انقلابات رونما ہو چکے ہیں، لیکن ان کا اثر 10، 20 یا 50 سالوں میں ختم ہو گیا ہے۔ ہندوستانی ثقافت میں، انقلاب کے بجائے، سنکرانتی کا تصور ہے، جس میں بتدریج تبدیلی آتی ہے اور اس کا دیرپا اثر ہوتا ہے۔اس موقع پر 'کلکاری‘ کے بچوں نے ثقافتی پروگرام پیش کیا۔ ایم ایل اے اور معروف لوک گلوکارہ میتھلی ٹھاکر نے بھی پرفارم کیا۔اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری اور وجے کمار سنہا، بہار قانون ساز کاؤنسل کے چیئرمین اودھیش نارائن سنگھ، موجود تھے۔