غیر قانونی ہورڈنگ اور بینرز کے خلاف سخت کارروائی جاری
Awaz E Bihar••0 ویوز•2 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 22 فروری (اے بی این) پٹنہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہر کی تزئین، ٹریفک کی روانی اور عوامی تحفظ کو ترجیح دیتے ہوئے کارپوریشن کے دائرۂ اختیار میں آنے والے تمام چھ حلقوں میں غیر قانونی ہورڈنگ اور بینرز ہٹانے کے لیے خصوصی مہم تیزی سے چلائی جا رہی ہے۔ نشان زدہ مقامات پر سائنسی طریقۂ کار کے تحت سروے کر کے یونی پول اور ہورڈنگ کو ہٹایا جا رہا ہے۔ پٹنہ میونسپل کارپوریشن کے علاقے میں بغیر اجازت عوامی مقامات، سڑکوں کے کنارے، بجلی کے کھمبوں، سرکاری عمارتوں، نجی عمارتوں یا دیگر مقامات پر لگائے گئے اشتہاری مواد، یونی پول اور ہورڈنگ کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ پٹنہ میونسپل کارپوریشن کے علاقے میں واقع نجی عمارتوں کی چھتوں اور دیواروں پر بغیر قانونی اجازت نصب ہورڈنگ کے خلاف نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں اور ان ہورڈنگ کو ہٹایا بھی جا رہا ہے۔ جن پر بقایہ رقم واجب الادا ہے، انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد رقم جمع کرائیں۔ بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں قائم غیر قانونی ہورڈنگ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ مہم رات کے وقت بھی چلائی جا رہی ہے۔ پٹنہ کے میونسپل کمشنر یشپال مینا نے تمام افسران کو واضح ہدایات دی ہیں کہ کسی دباو کے بغیر غیر جانبدارانہ اور سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ شہر کی شبیہ کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پٹنہ میونسپل کارپوریشن نے محصولات کی وصولی کے معاملے میں سخت موقف اختیار کرتے ہوئے شہر کی اشتہاری ایجنسیوں کے خلاف بڑی کارروائی شروع کر دی ہے۔ مجموعی طور پر 54 اشتہاری ایجنسیوں پر کارپوریشن کا بھاری بقایہ ہے، جس کی ادائیگی کے لیے نوٹس ارسال کر دیے گئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق اشتہارات کے مد میں کل بقایہ رقم 1,07,12,53,737 روپے ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو سخت ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ جلد از جلد اپنے بقایاجات کی ادائیگی کریں، بصورت دیگر پٹنہ میونسپل کارپوریشن پی ڈی آر ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی اور بلیک لسٹنگ بھی کر سکتی ہے۔ پٹنہ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ نے شہریوں اور اشتہاری ایجنسیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قواعد کے مطابق پیشگی اجازت حاصل کر کے ہی اشتہاری مواد نصب کریں۔