غیر قانونی گوشت و مچھلی کی دکانوں کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات
Awaz E Bihar••2 ویوز•2 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 22 فروری (اے بی این) بہار حکومت کے شہری ترقی اور ہاؤسنگ کے محکمے نے ریاست کے تمام میونسپل اداروں کے تحت چلنے والی غیر قانونی گوشت اور مچھلی کی دکانوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔محکمہ کے نوٹس میں آیا ہے کہ کئی شہری علاقوں میں بغیر مناسب لائسنس کے گوشت اور مچھلی کی دکانیں چلائی جارہی ہیں، جس سے صحت عامہ، صفائی ستھرائی اور قانونی نظم ونسق بری طرح متاثر ہورہا ہے۔ محکمے کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق بہار میونسپلٹی قانون 2007 کی دفعہ 345 کی دفعات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کئی مقامات پر غیر قانونی طور پر گوشت و مچھلی فروخت کی جا رہی ہے۔ کئی دکانوں میں صفائی ستھرائی کے مقررہ معیارات پر عمل نہیں کیا جا رہا ہے اور کھلے و غیر صحت بخش ماحول میں فروخت کی جا رہی ہے، جس سے عام شہریوں کی صحت کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔مذکورہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمے نے تمام بلدیاتی اداروں کو ہدایت دی ہے کہ درست اجازت نامے کے بغیر چلنے والی گوشت و مچھلی کی دکانوں کی نشاندہی کر کے فوری کارروائی کی جائے، صفائی کے معیارات کی خلاف ورزی کرنے والی دکانوں کو بند کرایا جائے، مذہبی مقامات، تعلیمی اداروں اور حساس عوامی مقامات کے قریب چلنے والی دکانوں پر خصوصی نگرانی رکھی جائے، آئندہ ایسی دکانوں کے قیام کے لیے مقررہ قواعد و شرائط کی سختی سے پابندی یقینی بنائی جائے۔محکمے نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ بغیر اجازت نامے کے چلنے والی دکانوں کے خلاف بہار میونسپلٹی قانون 2007 کی دفعہ 345 (4) کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ محکمہ شہری ترقی و رہائش نے تمام بلدیاتی اداروں کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں وسیع معائنہ مہم چلا کر غیر قانونی دکانوں کو بند کرائیں اور اس کی عمل آوری کی رپورٹ جلد از جلد محکمے کو فراہم کریں۔