پنڈت دین دیال اپادھیائے کی پوری زندگی قوم اور سماج کے لیے وقف رہی: ڈاکٹر پریم کمار
Awaz E Bihar••0 ویوز•2 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 11 فروری بہار اسمبلی اسپیکر ڈاکٹر پریم کمار نے بدھ کوکہا کہ پنڈت دین دیال اپادھیائے کی پوری زندگی قوم اور سماج کے تئیں وقف رہی۔ ڈاکٹر پریم کمار نے آج اپنے دفتر کے کمرے میں بھارتیہ جن سنگھ کے بانی اور عظیم قومی مفکر پنڈت دین دیال اپادھیائے کی برسی "سمرپن دیوس" کے موقع پر ان کی تصویر پرگلپوشی کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔ ڈاکٹر پریم کمار نے اس موقع پر کہا کہ پنڈت دین دیال اپادھیائے کی پوری زندگی قوم اور سماج کے لیے وقف رہی۔ انہوں نے 'انتودیہ کے ذریعے سماج کے آخری صف میں کھڑے فرد کے فروغ کا جو نظریہ پیش کیا، وہ آج بھی پالیسی اور حکمرانی کی بنیاد ہے۔ ان کا 'جامع انسانیت کا نظریہ صرف ایک سیاسی فلسفہ نہیں بلکہ ہندوستانی ثقافت اور حیات انسانی کی اقدار پر مبنی ہمہ جہت ترقی کا تصور ہے۔ ڈاکٹر پریم کمار نے کہا کہ دین دیال جی کا ماننا تھا کہ جب تک سماج کے آخری فرد تک ترقی کا فائدہ نہیں پہنچتا، اس وقت تک حقیقی ترقی ادھوری ہے۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ان کے اصولوں کو اپناتے ہوئے خدمت، ایثار اور قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ 'سمرپن دیوس ہمیں یہ عہد لینے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم سماجی ہم آہنگی، خود انحصاری اور اچھی حکمرانی کے راستے پر چل کر ان کے خوابوں کاہندوستان بنانے میں اپنا تعاون پیش کریں۔ اس موقع پر موجود افسران اور ملازمین نے بھی پنڈت دین دیال اپادھیائے کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر بہار حکومت کے سابق وزیر پرمود آکمار اور رکن اسمبلی متھیلیش تیواری سمیت دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔